یمن،امریکی فضائی حملوں میں حوثیوں کے 16 کمانڈر ہلاک

صنعا(صباح نیوز)یمن میں حوثی جماعت نے اپنے 16 ارکان کی ہلاکت کا اعلان کیا ہے۔ یہ رواں ماہ اعلان کردہ ہلاکتوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔یمن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی “سبا” کے مطابق حوثیوں کے 16 جنگجو افسران کی لاشوں کی تدفین کر دی گئی۔ خیال ہے کہ یہ ارکان حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں پر امریکی طیاروں کے حملوں میں مارے گئے۔

ایجنسی نے یہ نہیں بتایا کہ مذکورہ افراد کب اور کس جگہ ہلاک ہوئے۔ادھر امریکی مرکزی کمان Centcomنے “ایکس” پلیٹ فارم پر امریکی لڑاکا طیاروں کے نئے وڈیو کلپ پوسٹ کیے ہیں۔ ان کلپوں میں طیاروں کو یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر حملوں کے لیے روانہ ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔حوثی میڈیا کے مطابق امریکی طیاروں نے صعدہ میں العصائد کے علاقے پر بم باری کی۔ اسی طرح امریکی طیاروں نے الحدیدہ میں زبید کے علاقے میں حوثیوں کے گوداموں پر پانچ حملے کیے۔

امریکا کے نئے حملوں میں صنعا کے شمال میں صعدہ کے اطراف کے علاوہ البیضا اور الجوف صوبوں میں علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔العربیہ کے ذرائع نے بتایا کہ حملوں میں حوثیوں کے ٹھکانوں، کمین گاہوں اور ہتھیاروں کے ڈپوں کو نشانہ بنایا گیا۔یاد رہے کہ امریکی افواج نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے احکامات کی بنیاد پر 15 مارچ سے یمن میں حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں پر شدید حملے شروع کر دیے۔ مرکزی کمان نے واضح کیا ہے کہ اس آپریشن کا مقصد واشنگٹن کے مفادات کا تحفظ اور جہاز رانی کی آزادی کو یقینی بنانا ہے۔آپریشن میں بحیرہ احمر میں تعینات امریکی طیارہ بردار بحری جہاز “یو ایس ایس ہیری ٹرومین” بھی شریک ہے