راولپنڈی (صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف میری اجازت کے بغیر قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہیں کر سکتی تھی۔
افغانستان ہمارا دشمن نہیں ہے آپ اسے دشمن بنانے کی کوشش نہ کریں، کیوں بلاوجہ مسلمان بھائیوں سے لڑائی مول لے رہے ہیں۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران عمران خان کی بہن علیمہ خان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے انہیں بتایا کہ مجھے اخبار نہیں مل رہا اور ٹی وی بھی بند ہے، وہ حالیہ واقعات سے بے خبر تھے۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ جب ہم نے عمران خان کو قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کا بتایا تو انہوں نے کہا کہ اس لیے میرا اخبار اور ٹی وی بند کیا گیا۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ گراف نکال کر دیکھیں دہشتگردی 2021ء تک کم ہو گئی تھی اور 2022 ء میں پھر بڑھنا شروع ہوئی جبکہ افغانستان ہمارا دشمن نہیں ہے آپ اسے دشمن بنانے کی کوشش نہ کریں، آپ کیوں بلاوجہ مسلمان بھائیوں سے لڑائی مول لے رہے ہیں۔
علیمہ خان نے صحافیوں کو بتایا کہ مینوئیل کے مطابق بشری بی بی اور عمران خان کو آدھا گھنٹہ فیملیز اور پھر آپس میں ملاقات کرنی چاہیے، یہ مجموعی طور پر ڈیڑھ گھنٹے کی ملاقات بنتی ہے لیکن صرف 30منٹ کی ملاقات کرائی جاتی ہے تاہم ہم نے احتجاجاً آج 45 منٹ تک ملاقات کی۔ علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان کو مختلف طریقوں سے تنگ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کا موقف ہے کہ ان کی بچوں سے بات نہیں کروائی جارہی۔ ذاتی معالج کو بھی رسائی نہیں، اس کے علاوہ وکلا کو بھی یہاں نہیں آنے دیا جارہا۔ علیمہ خان نے کہاکہ عمران خان کی 6مہینے میں 4بار بچوں سے بات کروائی گئی، حالانکہ عدالتی احکامات کے مطابق ہفتے میں ایک بار بات کرانا لازمی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان تک ان کی دانتوں کی ڈاکٹر کو بھی رسائی نہیں دی جارہی۔ انہیں تنگ کرنے کا ہر حربہ اختیار کیا جارہا ہے۔
علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے واضح کیا کہ ملک میں آزادی، اتحاد، قانون کی حکمرانی اور ظلم کے خلاف کھڑا ہوں، اگر یہ ان چیزوں کے لیے مجھے اندر رکھیں گے تو میں تیار ہوں، اگر یہ سمجھتے ہیں ان کے ان حربوں سے میں ٹوٹ جائوں گا تو یہ ان کی غلط فہمی ہے۔ بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ یہ جو مرضی کرلیں میں اپنے اصول سے نہیں ہٹوں گا، انہوں نے کیسز التوا ء میں رکھے، ملاقاتوں پر پابندی لگا رہے ہیں، اس وقت پاکستان میں کوئی قانون کام نہیں کر رہا ہے۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت کس کی مرضی چل رہی ہے یہ آپ کو اور ہمیں پتا ہے، سب کو پتا ہے پاکستان بدل چکا ہے، ہم مضبوط کھڑے ہیں اور ہمیں کبھی اللہ سے ناامید نہیں ہونا چاہیے، پاکستانیوں کو ملک اور اس کی سالمیت کے دعا کرنی چاہیے۔