پاکستان سے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کیلئے مربوط کوششیں بروئے کار لائی جائیں،محمد شہباز شریف

اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان سے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لئے وفاقی و صوبائی حکومتوں اور تمام سٹیک ہولڈرز کی مربوط کوششوں پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم کے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے پروگرام کو ملک بھر میں وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ گلگت بلتستان میں وزیر اعظم کے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے قومی پروگرام کے پائلٹ پراجیکٹ کی کامیاب تکمیل کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ملک میں اس بیماری کے وسیع اثرات سے نبردآزما ہونے کے لئے اس اقدام کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے اس ضمن میں آغا خان خان ڈیویلپمنٹ نیٹ ورک اور عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) کی نمایاں معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہیپا ٹائٹس یونٹ ابتدائی طور پر پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ میں قائم کیا گیا تھا اور بعد میں اس کا دائرہ دوسرے سرکاری ہسپتالوں تک پھیلایا گیا جہاں مریضوں کو 100 فیصد مفت علاج کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ وزیراعظم نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ 2018ء میں جب نئی حکومت نے اقتدار سنبھالا تو یہ پروگرام بند کر دیا گیا تاہم میں نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے فورا بعد یہ پروگرام دوبارہ شروع کیاجو اب وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب میں فعال ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں گلگت بلتستان اور پاکستان کے دیگر حصوں کا مستقبل روشن نظر آرہا ہے۔