بھارت،ناگپور میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف ہنگامے ، کرفیو نافذ

ناگپور(صباح نیوز) بھارتی ریاست مہاراشٹر کے شہر ناگپور17ویں صدی کے مغل بادشاہ اورنگ زیب عالمگیر کے مقبرے کو ہٹانے کا مطالبہ کرنے والے ہندوتوا گروپ کے احتجاج کے دوران قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف مظاہرے کئے گئے اور شہر میں ہنگامے شروع ہو گئے ہیں ۔ پرتشددجھڑپوں کے دوران متعدد افراد زخمی ہوئے جس کے بعد حکام نے شہر کے کئی علاقوں میں کرفیو نافذ کر دیاہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق  ہندوئوں اور مسلمانوں کے درمیان جھڑپیں پیر کو شہر کے وسطی حصے میں ہوئیں۔ پتھرائو کیا گیا، دکانوں میں توڑ پھوڑ کی گئی اور متعدد گاڑیوں کو نذر آتش کیا گیا۔

جائے وقوعہ کی ویڈیوز میں جلتی ہوئی گاڑیاں اور بکھرے ہوئے ملبے کو دکھایا گیا ہے۔مسلم گروپوں نے کہا ہے کہ بشمول وشو ہندو پریشد اور بجرنگ دل سمیت ہندوتوا تنظیموں کے ارکان نے سنبھاجی نگر میں اورنگ زیب کے مقبرے کو ہٹانے کے مطالبے کے حق میں احتجاج کے دوران قرآنی آیات والے ایک جھنڈے کو نذر آتش کیا۔مظاہرے کے دوران، ایسی اطلاعات پھیل گئیں کہ قرآن کو نذر آتش کیا گیا ہے جس سے مسلم کمیونٹی کے ارکان میں غم و غصہ پھیل گیا۔ صورتحال اس وقت کنٹرول سے باہر ہو گئی جب احتجاج کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں جس کے بعد مسلمانوں نے سڑکوں پر نکل کر زبردست احتجاج کیا۔ ناگپور کے کئی حصوں بشمول محل، کوتوالی، گنیش پیٹھ اور چٹنیس پارک میں مسلمانوں نے زبردست احتجاجی مظاہرے کئے ۔مہاراشٹرا پولیس کے ایک سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق اورنگ آباد میں اورنگ زیب عالمگیرکے مقبرے کو ہٹانے کے مطالبے کے بعد ہونیوالی کشیدگی کے باعث ناگپور شہر کے متعدد علاقوں میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے۔