فیصل آباد(صباح نیوز) وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے کہاہے کہ وفاقی محتسب ادارہ نے ایک سال کے دوران 2لاکھ 26ہزار درخواستوں کو 60دنوں میں نمٹایا جبکہ اس کے ذریعے شکایت کنندگان کو 8بلین روپے سے زیادہ کا ریلیف دیا گیا۔ ایوان صنعت وتجارت فیصل آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ100 فیصد شکایات کو دور کرنے کی کوشش کرنے کے علاوہ محتسب کے ادارے کے مزید دفاتر دور دراز علاقوں میں بھی کھولے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں 13محتسب کام کر رہے ہیں جنہوں نے کل 60ہزار درخواستوں پر کارروائی کی جبکہ وفاقی محتسب نے 212 وفاقی اداروں کے بارے میں 2لاکھ 26ہزار درخواستوں کو نمٹایا جو اس سال 2لاکھ 70ہزار تک پہنچ جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ انفرادی شکایات کے علاوہ وفاقی محتسب کے ادارے نے نظام کو درست کرنے کے لئے 80رپورٹیں مفت تیار کر کے حکومت دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 45فیصد درخواستیں آن لائن موصول ہو رہی ہیں جبکہ موبائل کے ذریعے شکایات کی شنوائی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل چیمبر کے صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے بھی خطاب کیا اور وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی کو چیمبر کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔