یوم القدس مظلوم فلسطینی عوام سے یکجہتی کے اظہار کا دن ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد(صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے یوم القدس کے موقع پر اپنے پیغام میں فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ یوم القدس ہمیں مظلوم فلسطینیوں کی حمایت اور قبلہ اول کی آزادی کے لیے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام فلسطینیوں کے حق خودارادیت اور آزادی کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 1967 سے پہلے والی سرحدوں پر آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور القدس الشریف کو اس کا دارالحکومت بنانے کے اپنے اصولی موقف پر قائم ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل، خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہے۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان نے متفقہ طور پر معصوم فلسطینی عوام پر اسرائیلی جاہریت اور فلسطینی زمین پر ناجائز قبضے کے خلاف متعدد قراردادیں منظور کی ہیں اور مسئلہ فلسطین کو ہر عالمی و علاقائی پارلمانی فارمز پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی پارلیمان کی جانب سے فلسطینی عوام کی آزادی اور خود مختاری کے لیے غیر متزلزل حمایت کے عزم کو دہرایا۔

اسپیکر نے فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ 27 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی فسطائیت اور بربریت کے باعث 50 ہزار سے زائد معصوم فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں بڑی تعداد بچوں، خواتین اور بزرگوں کی ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کے باوجود حالیہ جارحیت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں قابلِ مذمت ہیں۔ اسپیکر نے کہا کہ اسرائیلی فضائی حملوں کے باعث معصوم فلسطینیوں کی شہادت اور فلسطین کے بنیادی ڈھانچے کی تباہی عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے اور فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے مثر اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں جاری انسانی بحران پر خاموشی مجرمانہ غفلت کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ مقدس میں بھی فلسطینی عوام کو خوراک اور ادویات جیسی بنیادی ضروریات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین میں اسرائیلی حملوں سے ہسپتالوں اور پناہ گاہوں سمیت بنیادی ڈھانچہ مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری خصوصا اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ فوری امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اسرائیلی مظالم کو رکوانے کے لیے بھی عملی اقدامات کریں۔ اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ نے کہا کہ یوم القدس ہمیں باہمی اتحاد اور یکجہتی کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کی جدو جہد آزادی ضرور کامیاب ہوگی۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کی جانب سے کیے گئے سیز فائر پر مثر عمل درآمد کو یقینی بنائے اور نہتے فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی مظالم رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔دیریں اثنا

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے لیلتہ القدر کی بابرکت رات کے حوالے سے جاری اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ مقدس رات ہمیں اللہ تعالی کا قرب حاصل کرنے، اپنے گناہوں کی بخشش طلب کرنے اور بے شمار رحمتیں سمیٹنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیلتہ القدر وہ رات ہے جس میں قرآنِ پاک نازل ہوا۔ اس رات کی فضیلت ہزار مہینوں سے افضل ہے، اور ان مبارک ساعتوں میں اللہ تعالی نے اپنے بندوں کے لیے بے پناہ برکتیں اور عطائیں رکھی ہیں۔اسپیکر نے کہا کہ یہ مقدس رات اپنے اعمال کا محاسبہ کرنے، توبہ و استغفار کرنے اور اللہ تعالی کی رضا مندی حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان بابرکت گھڑیوں میں ہمیں اپنے وطنِ عزیز پاکستان کے استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے بھی خصوصی دعاں کا اہتمام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے دین اسلام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک میں اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دینا ہوگا، تاکہ ہم ایک مضبوط، خوشحال اور پرامن پاکستان کی تعمیر کر سکیں۔اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی خصوصی دعاں میں اپنے شہدا کو یاد رکھنا چاہیے جن کی لازوال اور بے مثال قربانیوں کے باعث ہم سکون کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔ ہمارے شہدا ہمارا فخر ہیں جن کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے اس بابرکت رات میں اپنے فلسطینی اور کشمیری بہن بھائیوں کی آزادی و حق خود ارادیت کے لیے بھی خصوصی دعاں کا اہتمام کرنے کی اپیل کی جو کئی دہائیوں سے ظلم و بربریت کا شکار ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید میر غلام مصطفی شاہ نے کہا کہ لیلتہ القدر اللہ تعالی کی بے پایاں رحمتوں اور برکتوں سے بھرپور رات ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیلتہ القدر ہمیں اللہ تعالی کی عبادت اور اس کے احکامات کی مکمل پیروی کی تلقین کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شب ہمیں انفرادی اور اجتماعی سطح پر اصلاح کا پیغام دیتی ہے۔ یہ رات ہمیں سکھاتی ہے کہ احکام الہی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ہم اپنے اندر صبر، تقوی اور خیر خواہی کی صفات پیدا کریں۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہمیں لیلتہ القدر کی مبارک ساعتوں میں وطنِ عزیز کی سلامتی و ترقی، فلسطینی و کشمیری بھائیوں کی آزادی اور امت مسلمہ کی یکجہتی کے لیے خصوصی دعاں کا اہتمام کرنا چاہیے۔