قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے، د ہشتگردی کیخلاف ہم سب کو متحد ہونا ہوگا،بلاول بھٹو

کراچی (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین  بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ  جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے، دہشت گردی کے خلاف ہم سب کو متحد ہونا ہوگا۔کراچی میں سندھ جاب پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا  کہ سندھ کے نوجوانوں کی ترقی میرا وژن ہے،

ہم نے سندھ کے عوام کی خدمت کرنی ہے،پورے سندھ کی معیشت پرائیویٹ سیکٹر چلاتا ہے، روزگار کے مواقع عوام کو فراہم کرنا حکومت کا کام ہے، آئی ٹی کے استعمال سے آئی ورک فار سندھ پورٹل بنایا ہے، اس صوبے کے نوجوان اور جاب کریئیٹر کو دعوت دیتا ہوں کہ اس پلیٹ فارم پر آئیں، ماڈرن ٹیکنالوجی سے پرائیویٹ سیکٹر سے ملکر نوجوانوں کو روزگار دیں گے۔انہوںنے کہا کہ سانحہ جعفر ایکسپریس قابل مذمت ہے، کامیابی سے آپریشن مکمل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،

سکیورٹی فورسز نے بہت تیزی اور بہادری سے دہشتگردوں کا مقابلہ کیا، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیاب ہوگی۔بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے ایک سال کی رپورٹ پیش کر کے عوام کو بریف کیا، مراد علی شاہ نے زبردست انداز میں اپنے کام بتائے اور اپنے وژن بتایا۔ان کا کہنا تھا کہ کل سندھ اسمبلی اجلاس میں پانی کی تقسیم پر ارکان کا موقف لیا، آپ کے تحفظات وفاق تک پہنچا رہے ہیں، پی ٹی آئی دور میں 2 کینالز بنانے کا معاملہ آیا تو جام خان شورو، نثار کھوڑو نے ڈٹ کر مقابلہ کیا، اپنی جغرافیائی اورعلاقائی سرحدوں کی حفاظت کرنا ہوگی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے  کہا کہ پاکستان کی کامیابی ہم سب کی کامیابی ہے، حکومتی کوششوں سے مہنگائی میں اضافہ نہیں ہورہا جسے ویلکم کرتے ہیں، عوام تک ریلیف پہنچانے میں حکومت کا ساتھ دیں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مجھ سے اس صوبے کے عوام کا سب سے بڑا مطالبہ روزگار کا رہا ہے، مطالبات اتنے ہیں کہ حکومت سندھ کے پاس انہیں پورا کرنے کی گنجائش نہیں ہے، صوبائی حکومت سے ہمیشہ شکایت رہتی ہے کہ وہ بروقت ملازمتیں نہیں دیتی،سیلاب متاثرین کے گھروں کا منصوبہ خواتین کو بااختیار بنانے کا منصوبہ بھی بنا، ہم نے اس منصوبے کے ذریعے کئی لاکھ ملازمتیں بھی پیدا کیں، سندھ میں ایک طرف صوبائی حکومت ملازمتیں پیدا کرتی ہے ، دوسری طرف نجی شعبہ ملازمتیں پیدا کرتا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم حکومت اور نجی شعبے کے درمیان پارٹنرشپ چاہتے ہیں، اس حوالے سے ڈیجیٹل پلیٹ فارم آئی ورک فار سندھ کی ایپ شروع کی ہے، نوجوانوں اور ملازمتیں دینے والوں کو اس پلیٹ فارم پر رجسٹر ہونے کی دعوت دیتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ سندھ کے لوگ بہت محنتی ہیں، کامیابی تب ہوگی جب سب لوگ مل کر کامیاب ہوں گے، پارٹی کے لوگ اور نجی شعبہ اس پلیٹ فارم کی تشہیر کرے، نجی شعبہ اس پورٹل پر رجسٹر ہو کر سندھ کے ٹیلنٹ سے فائدہ اٹھائے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کا خیرمقدم کرتے ہیں، مہنگائی میں اضافہ نہ ہونے کے ساتھ ساتھ پیداوار میں اضافہ بھی ضروری ہے، نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی میں سندھ حکومت اپنا کردار ادا کرے گی۔