کراچی(صباح نیوز) کامیاب اور عظیم الشان یکجہتی غزہ مارچ اور خواتین کی بھر پور شرکت پرہم اہل کراچی خصوصا ًمائوں، بہنوں کے شکر گزار ہیں کہ جنہوں نے القدس سے محبت اور تعلق کا حق ادا کیا ہے ،اہل غزہ و فلسطین کی مائوں ، بہنوں اور بچوں سے بے مثال یکجہتی کا مظاہرہ کرکے دنیا کو پیغام دیا کہ مسلمان ایک جسم کی مانند اور یک جان ہیں۔
یہ بات ناظمہ حلقہ خواتین کراچی جاوداں فہیم نے اپنے ایک بیان میں مارچ میں خواتین اور بچوں کی جوق در جوق شرکت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہی ،انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کی اسرائیل مردہ باد تحریک مزید تیز ہوگی اور اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ بھی جاری رہے گا ۔ صیہونی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم نے انکی معیشت کی کمر توڑ دی ہے۔دعاہے کہ اللہ تعالی کراچی کی ماوں،بہنوں بیٹیوں کو اجر عظیم سے نوازے اور اہل غزہ و فلسطین کو فتح و نصرت سے ہمکنار کرے ،فلسطین کی آزادی کی جنگ جاری رہے گی۔انبیاء کی سرزمین اور قبلہ ٔاوّل یہودیوں قبضے سے ضرور آزاد ہوگا ،اس جدوجہد میں کراچی کی خواتین کا ساتھ چاہیئے۔