حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے، بشارت راجہ


راولپنڈی (صباح نیوز)پنجاب کے وزیر قانون محمد بشارت راجہ نے کہاہے کہ حکومت آزادی صحافت پر مکمل یقین رکھتی ہے اس ضمن میں قانون سازی بھی کی جارہی ہے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران دہشت گردی کا نشانہ بننے والے صحافیوں کے مقدمات کے فیصلوں میں تاخیر نہیں ہو گی پنجاب حکومت کے پرایسکویشن ڈیپارٹمنٹ کو واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں ، صحافت کی آڑ میں اپنے مفادات کے لیے سیاست کرنے والے عناصر سے حکومت پوری طرح باخیر ہے,

وزیر قانون پنجاب نے ان خیالات کا اظہار پاکستا ن فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے نائب صدر محمد اسلم ڈوگر ،پی ایف یو جے کے فنانس سیکرٹری جمیل مرزا ، صدر راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹ شکیل احمد اور ممبر سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی پی ایف یو جے راجہ لیاقت پر مشتمل وفد کے ساتھ دھمیال ہاؤس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا.

اس موقع پر سابق صوبائی مشیر محمد ناصر راجہ بھی موجود تھے ۔ پی ایف یو جے کے وفد نے وزیر قانون پنجاب کو بتایا کہ اس وقت ورکنگ جرنلسٹس کو پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران مشکلات کا سامنا ہے صحافیوں کے شہید ہونے اور ان پر قاتلا نہ حملوں کے مقدمات کے فیصلوں میں تاخیر ہوتی ہے پی ایف یو جے کا وفد کا کہنا تھا کہ ورکنگ جرنلسٹس ہمیشہ اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی ادائیگی اور آزادی صحافت پر یقین رکھتے ہوئے اپنے فرائض کی ادائیگی میں مگن رہتا ہے تاہم وہ عناصر جو صحافت کے مقدس پیشے کو اپنے ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں ان سے ورکنگ جرنلسٹس اور صحافیوں کی نمائندہ تنظیمیں مکمل طور پر آگاہ ہیں ایسے عناصر سے ورکنگ جرنلسٹ ہمیشہ خود کو الگ رکھتے ہیں.

صوبائی وزیر قانون پنجاب نے یقین دلایا کہ پنجاب حکومت صحافیوں کے درپیش مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کو یقینی بنائے گی ملک میں مضبوط جمہوریت کے لیے مکمل طور پر آزاد صحافت کا ہونا ایک اہم ضرورت ہے جس کے لیے حکومت اپنے کردار ہمیشہ ادا کرتی رہے گی ۔