مہنگائی کے ستائے عوام وزیر اعظم سے مایوس ہو گئے، حکومت کی تمام پالیسوں کا محور آئی ایم ایف کو ریلیف پہنچانا ہے،سراج الحق


مردان (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کی تمام پالیسوں کا محور آئی ایم ایف کو ریلیف پہنچانا ہے ۔کارکردگی کی بجائے پی ٹی آئی حکومت نااہلی، نالائقی اور بد انتظامی میں سب کو پیچھے چھوڑ گئی ۔عجیب مذاق ہے ملک ریوریس گئیر میں ہے، لیکن وزیر اعظم اگلے دو سال میں ترقی کے دعوے کر رہے ہیں ۔موجودہ نظام کو بدلنے کے لیے اپنے نام، نشان اور جھنڈے پر الیکشن میں حصہ لیں گے۔ افغانیوں نے امریکا کوشکست دے کر اسلام کو غالب کر دیا۔ حکومت سبسڈی نہ دے بلکہ قیمتیں کم کرکے مہنگائی کم کرے۔ حکومت اپوزیشن سے مل کر شفاف الیکشن کا انعقاد یقینی بنائے۔ پی ٹی آئی کی ناکام حکومت کا خمیازہ عوام بھگت رہی ہے اورلانے والوں کو بھی احساس ہو چکا ہے کہ ان سے غلطی ہوئی۔ حکومت نے ڈومیسٹک بل مغربی طرز زندگی کوفروغ دینے اور ہمارے خاندانی نظام کو تباہ کرنے کے لیے پیش کیا ۔ اللہ کے دین کو غالب کرنا جماعت اسلامی کا بیانیہ ہے۔ مہنگائی کے ستائے عوام وزیر اعظم سے مایوس ہو گئے۔

وہ مرکزی عید گاہ میں منعقدہ تحفظ عقیدہ ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مرکزی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی صدر مولانا مفتی امتیاز مروت، امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان، نائب امیر صوبہ شیخ القرآن مولانا محمد اسماعیل، شیخ القرآن مولانا ڈاکٹر عطاالرحمان، شیخ القرآن مولانا صفی اللہ، امیر جماعت اسلامی ضلع مردان غلام رسول، مفتی محمد ابراہیم، جمعیت طلبہ عربیہ خیبر پختونخوا کے صوبائی جنرل سیکرٹری صدیق اللہ اور نائب امیر ضلع سعید اختر ایڈوکیٹ نے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں جماعت اسلامی کے سابق صوبائی وزیر فضل ربانی ایڈوکیٹ، تحصیل مردان کے لئے نامزد امیدوار مشتاق سیماب، تحصیل تخت بھائی کے لئے نامز د امیدوار حاجی معاذ اللہ خان بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ اسلامی نظام میں امیر اور غریب سب کے لئے تحفظ ہے۔ مسلمان کے لئے نبی اکرمۖ کی ذاتِ اقدس اور اسوہ سب سے بہتر ہے۔ پوری دنیا اسلامی نظام کو اپنے لیے خطرہ سمجھتی ہے۔مغرب اپنی تہذیب کے پرچا ر کے لیے تگ و دو کر رہا ہے۔ ہم سوسائٹی اور پارلیمنٹ میں اللہ کا نظام چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم نے مدینہ کی ریاست کی بات کی ،لیکن تین سال میں ایک قدم بھی اس طرف نہیں اٹھایا۔مہنگائی کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں۔ چینی، پٹرول اور آٹا مہنگا کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نظام مصطفی ۖکے نفاذ کے لیے جدو جہد کررہی ہے۔ انھوں نے ہدایت کی کہ کارکنان پانچ وقت نما ز کا اہتمام کریں، روزانہ قرآن کی تلاوت کریں،دعوت دین کا کام کریں، رزق حلال کمائیں، والدین کا احترام کریں اور غیبت سے اجتنا ب کریں۔ مدینہ کی اسلامی ریاست عدل و انصاف کا نام ہے۔ حکومت امریکا اور آئی ایم ایف کے اشاروں پر ناچ رہی ہے اور غریبوں کے منہ سے نوالہ تک چھین رہی ہے۔ پی ڈی ایم کا مقصد ذاتی مفادات کا تحفظ ہے۔ ہم کسی بھی اتحاد کا حصہ نہیں بنیں گے۔ جماعت اسلامی آخری آپشن ہے، قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ جماعت اسلامی کے امیدوارن ترازو پر الیکشن میں حصہ لیں گے۔

امیر جماعت نے کہا کہ نومبر 1947 کے ابتدائی ہفتے میں دو لاکھ مظلوم کشمیریوں کو شہید کیا گیا۔ اہلیان کشمیر نے آزادی کی حمایت کی پاداش میں ڈوگرہ مہاراجہ کے مظالم کا سامنا کیا۔ 1947 کے شہداء میں لاکھوں نہتے مرد، خواتین اور بچے شامل تھے ۔ کشمیری بہادر قوم ہیں وہ آج تک اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے۔ کشمیر کی تحریک آزادی کی بنیادوں میں شہدائے جموں کا لہو اور قربانیاں ہیں۔ شہداء جموں کی عظیم قربانیوں کی خونچکاں داستان دلوں کو ہلا کر رکھ دیتی ہیں۔ سامبا کے جنگلات کشمیریوں کی مقتل گاہ بنے تھے آزادی کا سورج بھی وہی سے طلوع ہو گا ۔عظیم شہداء کے گرم گرم مقدس لہو سے جلائی ہوئی شمع آزادی بجھنے نہیں دیں گے۔

انھوں نے کہا کہ شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔ آج بھی پاکستانی پرچموں میں لپٹتے تابوت ان کی منزل کی واضع نشاندہی کر رہے ہیں۔ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔ پاکستان کے 22 کروڑ عوام کے دل کشمیریوں کے ساتھ ڈھرکتے ہیں ۔ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی مثال دنیا کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ حکومت کی کشمیر کے حوالے سے پالیسی صدی کا سب سے بڑا یوٹرن ہے۔ حکومت کی بے حسی کی وجہ سے کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکا ہے۔