کراچی(صباح نیوز)چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کراچی میں گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد سے انکے دفتر میں ایک اہم ملاقات کی۔ملاقات کا مقصد بی آئی ایس پی کی مستحق خواتین کو رقوم کی شفاف اور باعزت طریقے سے ادائیگی کو یقینی بنانے کیلئے انکے بنک اکاونٹس کھولے جانے پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات ہیں کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت حق داروں کو انکا حق شفاف انداز میں عزت و اخترام کیساتھ ادا کیا جائے۔ اس ضمن میں بی آئی ایس پی نے ملک بھر میں نیا ادائیگی کا نظام متعارف کرایا ہے جس کے تحت 06 بینکوں کے ذریعے بینظیر کفالت کی سہہ ماہی قسط کی تقسیم کی جاری ہے ۔
سینیٹر روبینہ خالد نے مزید کہا کہ ہم اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مشاورت سے مستحق خواتین کے بینک اکاونٹس کھولنا چاہتے ہیں تاکہ امدادی وظائف براہ راست ان کے بینک اکانٹس میں منتقل ہوں اور یہ خواتین بغیر کسی انسانی مداخلت کے قطاروں میں کھڑے ہوئے بغیر عزت سے اپنے پیسے وصول کرسکیں۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو تمام مستحق خواتین کا ڈیٹا فراہم کریگا جس کے بعد بینکس میں انکے اکاوئنٹ کھولیں جائیں گے جہاں سے خواتین اپنے پیسے جاکر وصول کریں گی ۔گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے چیئرپرسن بی آئی ایس پی کو مستحق خواتین کے بینک اکاونٹ کھلوانے کے عمل میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں ڈی جی کیش ٹرانسفرنوید اکبر بھی موجود تھے