اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر نصیر خان کاشانی سے بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی ۔ ملاقات کا مقصد بینظیر ہنر مند پروگرام کے تحت مستحق گھرانوں کے افراد کی بین الاقوامی ڈیمانڈ کے مطابق سکل ٹریننگ اور بیرون ملک ملازمت کیلئے روزگار کے بہتر مواقعوں کی فراہمی پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد نے مستحق گھرانوں کی زندگیوں میں معاشی طور پر بہتری لانے کیلئے بی آئی ایس پی، منسٹری آف اورسیز، نیوٹیک سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کے مابین اشتراک اور سیمنارکے انعقاد کی اہمیت پر زور دیا۔ملاقات کے دوران 5000 گھرانوں سے ہیلتھ اینڈ ہوم کیئر کے شعبے میں دلچسپی رکھنے والے افراد کو ملازمت کیلئے بیرون ملک بھیجنے پر بھی غور کیا گیا ۔ مستحق گھرانوں کا ڈیٹا بی آئی ایس پی فراہم کرے گا جبکہ سکل ٹریننگ کی ذمہ داری NAVTTC کی ہوگی۔علاوہ ازیں، ہومین ریسورس ڈویلپمنٹ، خواتین کی معاشی خود مختاری، آگاہی مہم، ڈیٹا شیئرنگ اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ پر بھی بات چیت ہوئی۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ نوجوان ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے ذریعے اپنی مصنوعات آن لائن فروخت کر سکتے ہیں۔آئندہ اجلاس میں بی آئی ایس پی ، منسٹری آف اورسیز اور نیوٹیک کے نمائندگان مستحق افراد کی سکل ٹریننگ اور بیرون ملک ملازمت کے حوالیسے حتمی لائحہ عمل تشکیل دیں گے۔