پی ڈی ایم کالانگ مارچ سے پہلے مہنگائی مارچ کا فیصلہ


اسلام آباد (صباح نیوز)مختلف اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)نے مہنگائی کے خلاف پہلے مہنگائی مارچ اور پھر لانگ مارچ کا فیصلہ کرلیا ہے ، پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت اسلام آباد میں پی ڈی ایم کا ویڈیو لنک پر سربراہی اجلاس ہوا جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور بڑھتی مہنگائی کے مسئلے پر بات چیت کی گئی۔

اجلاس میں مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ لانگ مارچ سے قبل چاروں صوبوں میں مہنگائی کے خلاف مہنگائی مارچ ہوں گے۔13 نومبر کو کراچی سے احتجاجی تحریک کا آغاز ہوگا، عوام کو بھرپور شرکت کی دعوت دیدی گئی۔ مہنگائی مارچ مرحلہ وار صوبائی سطح پر ہوگا ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں پی ڈی ایم اجلاس میں رہنماوں نے اتفاق کیا کہ تمام صوبوں میں مہنگائی مارچ کیے جائیں گے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ صوبائی مہنگائی مارچ کا اختتام لانگ مارچ کی صورت میں ہوگا، اس حوالے سے دسمبر کی تجویز زیر غور لائی گئی، لانگ مارچ کا اعلان بعد میں سربراہی اجلاس میں کیا جائے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے رہنماوں نے اتفاق کیا کہ پی ڈی ایم 17 نومبر کو کوئٹہ میں مہنگائی کے خلاف لانگ مارچ کرے گی۔ 20 نومبر کو پشاور میں لانگ مارچ کیا جائے گا جبکہ لاہور میں 29 یا 30 نومبر کو مہنگائی مارچ کرنے کی تجویز دی گئی۔پی ڈی ایم کا آئندہ سربراہی اجلاس 11 نومبر کو اسلام آباد میں ہوگا۔

پی ڈی ایم اجلاس میں سیاسی صورتحال، مہنگائی، نیب آرڈیننس ودیگر امور پر بھی مشاورت کی گئی۔اجلاس کے دوران پاکستان مسلم لیگ( ن )کے قائدمیاں محمد نواز شریف، پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف ، پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدرمریم نواز، محمود اچکزئی، سردار اختر مینگل اور آفتاب شیرپائو ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔