حماس کی کامیابی پوری امت کی کامیابی ہے، سراج الحق

لاہو ر(صباح نیوز)سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مرکزی علوم اسلامیہ منصورہ میں تقریب تکمیل بخاری شریف سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حماس کی کامیابی پوری امت کی کامیابی ہے، فلسطین کے مجاہدوں نے مزاحمت سے صہیونی تکبر کو خاک میںملادیا، صلح اسرائیل کی نہیںحماس کی شرائط پر ہوئی ہے۔ صہیونیوں نے غزہ کو کھنڈر میں تبدیل کر دیا اور بچوں سمیت پچاس ہزار سے زائد معصوم لوگوں کو شہید کیا، غزہ کی تعمیرنو اب اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ دینی مدارس پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں، مدارس میں رواداری، اخوت و محبت کی تعلیم دی جاتی ہے، دینی مدارس کے طلبہ ملک کی نظریاتی اساس کے علمبردار ہیں، حکومت دینی مدارس کی مالی امداد کرے۔ انھوں نے کُرم میں امدادی سامان کے قافلے پر فائرنگ کی شدید مذمت اور شہدا کے لیے دعائے مغفرت کی ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور سیکیورٹی ادارے کرم پارا چنار میں امن و امان کی صورت حال یقینی بنائیں۔شیخ الحدیث مولانا عبدالمالک، نائب امیر ڈاکٹر عطا الرحمن اور ڈائریکٹر ادارہ معارف اسلامی ڈاکٹر حافظ ساجد انور بھی اس موقع پر موجود تھے۔