کراچی (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے ادارہ نورحق کراچی میں جمعرات کو غزہ کی تازہ ترین صورتحال، حماس اسرائیلی جنگ بندی معاہدے کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 15ماہ سے جاری اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کے باوجود اہل غزہ و فلسطین کی مزاحمت اور حماس کے مجاہدین کی تاریخی کامیابی پر جمعہ 17جنوری کو ملک گیر سطح پر ”یوم عزم تشکر”منایا جائے گا،شکرانے کے نوافل ادا کیے جائیں گے،تمام ائمہ مساجد خطبات جمعہ میں امریکہ و اسرائیل کی مذمت اہل غزہ و فلسطین کی حمایت کے حوالے سے عوام کی ذہن سازی کریں۔ معاہدے کے مطابق حماس کے مجاہدین چند اسرائیلی فوجیوں کے بدلے ہزاروں فلسطینی مسلمانوں کو رہا کروایا جائے گا،حماس اور اسرائیل کے درمیان معاہدہ پر عملدرآمد اتوار سے کیا جائے گا اس کے بعد اگلے لائحہ عمل اور دیگرپروگرامات کا اعلان کریں گے۔
اسماعیل ہنیہ، یحییٰ سنوار سمیت اہل غزہ و فلسطین کے تمام شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،غزہ و فلسطین میں حماس کے مجاہدین نے پوری دنیا کے باضمیر انسانوں کو اپنی جدوجہد اور قربانیوں سے اپنی جانب متوجہ کیا ہے،معاہدے پر عملدرآمد کے بعد امریکہ و اسرائیل کی کوشش ہوگی کہ وہ پاکستان، سعودی عرب اور انڈونیشیا سے مطالبہ کرے کہ اسرائیل کو تسلیم کیا جائے، ہم حکمرانوں اور امریکہ کی طرف دیکھنے والوں کو متنبہ کرتے ہیں اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوچا بھی گیا تو زبردست عوامی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا،اسرائیل کی ناجائز ریاست کو کسی صورت تسلیم نہیں کیا جاسکتا۔پاکستان اور افغانستان دونوں ہی جنگ کے متحمل نہیں ہوسکتے،افغانستان کے ساتھ بامعنی مذاکرات اوردانش مندی سے حالات کودیکھنے کی ضرورت ہے،جماعت اسلامی ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت کی طرف سے روزانہ کہا جارہا ہے کہ آئی پی پیز سے بات ہورہی ہے۔ہمارا مطالبہ ہے کہ صرف اعلانات نہیں اقدامات کیے جائیں، آئی پی پیز کے معاملے پر مزید پیش رفت کی جائے اور اب تک ختم ہونے اور نظر ثانی شدہ معاہدوں سے ہونے والے اربوں روپے کا فائدہ اور ریلیف عوام کو دیا جائے۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں کے الیکٹرک مافیا کو جنریشن کا لائسنس دینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ کراچی کو براہ راست نیشنل گرڈ سے بجلی فراہم کی جائے۔ پریس کانفرنس میں امیر کراچی منعم ظفر خان، سکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی، نائب امیر کراچی راجا عارف سلطان، ڈپٹی سیکرٹری و ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کے ایم سی قاضی سید صدر الدین، ڈپٹی سکریٹری عبد الرزاق خان، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، سینئر ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات صہیب احمدودیگر بھی موجود تھے۔
حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ حماس اور اسرائیل کے درمیان معاہدے پر عملدرآمد اتوار کے روز سے ہوگا، اسرائیل اس قدرمکار ہے کہ معاہدہ ہوجانے کے باوجود آج بھی فلسطین پر بمباری کررہا ہے۔ اطلاعات کے مطابق آج بھی 85 فلسطینیوں کوشہید کیا گیاہے، جبکہ گزشتہ 15ماہ میں 47 ہزار سے زائد بچے، بوڑھے جوان اور عورتوں کو شہید کیا گیا،95 فیصد گھر اور اسپتالوں کو مسمار کردیا گیا ہے۔اسرائیل کو امریکہ کی طاقت فراہم تھی جس کی وجہ سے فلسطین میں میڈیا ورکرز کو بھی دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیل کے صدر نیتن یاہو نے گریٹر اسرائیل کا نقشہ پیش کیا تھا اور کہا تھا کہ حماس کو ختم کردیں گے۔حماس کے مجاہدین نے پوری دنیا کے باضمیر انسانوں کی ترجمانی کی ہے۔
انہوں نے مزیدکہاکہ کراچی منی پاکستان ہے، سب مل کر پاکستان کی تعمیر و ترقی کا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ گئے گزرے حالات میں بھی کراچی کل ٹیکس کا 40 فیصد سے زائد ادا کررہا ہے لیکن کراچی کے عوام کوبنیادی سہولیات فراہم نہیں اور بے شمار مسائل کا شکار ہیں۔کراچی کے طلبہ کی تعلیمی نسل کشی کی جارہی ہے ان کو آگے بڑھنے نہیں دیا جارہا۔ جماعت اسلامی کراچی طلبہ کہ نسل کشی کے خلاف احتجاج کررہی ہے۔ ہم طلبہ کی تعلیمی نسل کشی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے جو کمیٹی بنائی گئی ہے اس سے جواب لیں گے اور طلبہ سے زیادتی کے خلاف عدالت سے بھی رجوع کریں گے۔