اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ممبر کینیڈین پارلیمنٹ طالب نور محمد اور کینیڈا میں آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے مندوب محمود ایبو نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک کینیڈا تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کینیڈا کے ساتھ باہمی تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان دوطرفہ تعلقات کو مختلف شعبوں میں مزید آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔ ممبر کینیڈین پارلیمنٹ طالب نور محمد نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو کینیڈین ہم منصب کی جانب سے پیغام پہنچایا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ آغا خان فاونڈیشن پاکستان میں سماجی و معاشی ترقی کے کئی نمایاں منصوبوں پر کام کر رہی ہے، باہمی تعاون سے منصوبوں کا دائرہ کار مزید آگے بڑھانے کے لئے کوشاں ہیں۔ ملاقات میں افغان مہاجرین کی کینیڈا سمیت دیگر ملکوں میں منتقلی پر بھی گفتگو کی گئی۔ممبر کینیڈین پارلیمنٹ طالب نور محمد نے کہا کہ منتقلی کے عمل کو تیز بنانے کیلئے کینیڈین ہائی کمشن کے عملے اور وسائل میں اضافہ کیا گیا ہے، اضافی عملے کو ویزا فراہم کرنے پر شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں درخواستوں کی جانچ پڑتال میں تیزی لائی گئی ہے۔ وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا اور صدر آغا خان کونسل پاکستان نظارمیوہ والہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔