اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان سے مائیکروسافٹ کے بانی بِل گیٹس نے ملاقات کی اور پاکستان میں جاری انسداد پولیو مہم پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تعاون جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس کے درمیان ملاقات میں پولیو کے خاتمہ اور دوسرے اہم موضوعات پر بات چیت ہوئی، بل گیٹس نے پاکستان میں جاری انسداد پولیو مہم پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ۔قبل ازیں مائیکرو سوفٹ کے بانی بِل گیٹس ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ، وہ پہلی بار پاکستان آئے ہیں، اسلام آباد میں انہوں نے انسدادپولیو پروگرام کا دورہ کیا۔
انہیں انسداد پولیو پروگرام کے سربراہ ڈاکٹر شہزاد بیگ نے بریفنگ دی اور کورونا سمیت پولیوکی روک تھام سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر معاون خصوصی براے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان بھی موجود تھے ،بل گیٹس نے پولیو سے متعلق اقدامات کو سراہا اور کہا کہ پاکستان نے پولیو کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ بل گیٹس نے پاکستان کے پولیو ورکرز، ہیلتھ ورکرز اور والدین کے تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ پولیو ورکرز اور والدین کے تعاون کے باعث پاکستان ایک سال سے پولیو فری ہے، پاکستان کے ساتھ پولیو پروگرام میں تعاون جاری رکھا جائے گا۔