قانون ہاتھ میں لینے کا حق کسی شہری کو نہیں، شفقت محمود


لاہور(صباح نیوز)وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ کسی شہری کو قانون ہاتھ میں لینے کا حق نہیں ،قانون کی بالادستی کو ماننا چاہئے۔

انہوں نے انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ساڑھے 7 سال پہلے سیاسی حریفوں کو دبانے کیلئے نواز شریف نے مقدمہ درج کرایا، آج عدالت نے طلب کیا ہمیں اور ہم حاضر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عدالت میں وکیل نے دلائل دیئے ہیں، کچھ ثابت نہیں ہوا، ایسے مقدمے میں عمران خان صاحب بری ہو چکے ہیں۔

صحافی  کی جانب سے گذشتہ روز پیش آئے واقعہ سے متعلق سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ مجھے تو کل جو واقعہ ہوا اس کی تفصیلات نہیں پتہ، ایک صاحب کے خلاف ایف آئی آر تھی

ایف آئی اے گرفتاری کیلئے گئی تو انہوں نے پستول نکال لیا۔انہوں نے کہا کہ میں نے گرفتاری کی تصویر دیکھی ہے جس میں ملزم نے پستول پکڑی ہوئی ہے، تصویر میں ملزم پولیس اہلکار کو مار بھی رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پولیس پر فائر کھولنے کی روایت ٹھیک نہیں، کسی بھی شہری کو حق نہیں کہ قانون کو ہاتھ میں لے، قانون کی بالادستی کو ماننا چاہئے، ہم سب بھی عدالتوں میں ہیں ، ہم عدالت کے ہر حکم پر عمل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو حق حاصل ہے کہ وہ درخواست دے سکتا ہے، درخواست پر تحقیقات اداروں کا کام ہے۔