لاہور(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی میدان تحریک انصاف کا ہے، بلدیاتی ٹکٹوں کے فیصلے اتفاق رائے سے کیئے جائیں۔ سب تیاری کریں۔ انشاللہ ہم پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جیتیں گے۔لاہور میں وزیراعظم نے لاہور ڈویژن کے ارکان اسمبلی سے ملاقات کی،
اس دوران ارکان اسمبلی نے بلدیاتی حلقہ بندیوں کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا۔ الیکشن کمیشن کی حلقہ بندیوں پر سب سے زیادہ لاہور اور سرگودھا کے ارکان نے شکایات کیں۔وزیراعظم نے ارکان کو مقررہ مدت میں الیکشن کمیشن کے سامنے اعتراضات دائر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں پارٹی کی تنظیم اور ارکان اسمبلی ملکر کام کریں، بلدیاتی میدان تحریک انصاف کا ہے، بلدیاتی ٹکٹوں کے فیصلے اتفاق رائے سے کیئے جائیں۔
اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے ڈی جی خاں ڈویژن کے ارکان اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس کے دوران بلدیاتی انتخابات کے امور پر منتخب نمائندوں نے تجاویز دیں، ارکان اسمبلی نے انڈس ہائی وے کو جلد بنانے کا مطالبہ کیا اور خالی آسامیوں پر بھرتی کا عمل تیز کرنے کی گزارش کی۔ارکان اسمبلی نے صوبائی وزیر تعلیم کے حوالے سے شکایات کے انبار لگاتے ہوئے کہا کہ مراد راس کا رویہ ارکان اسمبلی کے ساتھ مناسب نہیں ہوتا۔ بجلی کے میٹر لگوانے میں چھ چھ ماہ لگ جاتے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ارکان اسمبلی بلدیاتی انتخابات کے لئے بھرپور تیاری کریں، اس بار ٹکٹوں کے فیصلے اتفاق رائے سے کیے جائیں، سب ملکر بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں۔ انشاللہ ہم پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جیتیں گے۔