پی ٹی آئی سے مذاکرات کا عمل مثبت سمت میں جاری ہے ،عطا تارڑ

 اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف سے مذاکرات کا عمل مثبت سمت میں جاری ہے، بات چیت سے ہی راستے نکلتے ہیں۔کھیل کو سیاست اور سیاست کو کھیل میں شامل نہیں کرنا چاہیے، ملک کے بارے میں مثبت سوچ رکھیں، اگر آپ نے سیاسی قیادت، سیاسی جماعتوں پر تنقید کرنی ہے تو ضرور کریں مگر اپنے دفاعی اداروں اور معیشت پر تنقید نہ کریں کیونکہ اس سے سب کا اجتماعی نقصان ہوتا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا کرکٹ لیگ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے  وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ اب تو بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بھی کہہ دیا ہے کہ معیشت مستحکم ہے، باہر بیٹھے لوگوں کو بھی سیکھنا چاہیے۔  عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال خوشخبریوں کا سال رہا ہے، 2025 سیاسی استحکام کا سال ہو گا، اڑان پاکستان ایک وژن ہے جس میں کھیل بھی شامل ہے، ہم نے اڑان پاکستان پروگرام سے شاہین کی طرح ٹیک آف کرنا ہے، پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان آرہی ہے، پاکستانیوں کیلئے یہ بہت بڑا ایونٹ ہے، ہم بہت عرصے بعد چیمپئنز ٹرافی جیسے بڑے ایونٹ کی میزبانی کرنے جارہے ہیں، ہم تمام ٹیموں کی بھرپور میزبانی کریں گے، پاکستان کی عالمی سطح پر ساکھ بحال ہوگی۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس کرکٹ گراونڈز کا انفراسٹرکچر بھی موجود ہے، قذافی سٹیڈیم سمیت دیگر گراونڈز میں کام جاری ہے، محسن نقوی وزیراعظم شہبازشریف کی سربراہی میں بہت اچھا کام کر رہے ہیں، وزیرداخلہ محسن نقوی نے بطور چیئرمین پی سی بی بڑے ریفارمز کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غیرملکی کرکٹ ٹیموں کی پاکستان آمد سے نہ صرف کرکٹ اور دیگر کھیلوں کی بہتری ہوگی بلکہ اس سے نوجوانوں کو قریب سے کرکٹ دیکھنے، سیکھنے اور پرانی یادوں کو تازہ کرنے کا موقع بھی ملے گا، پاکستان کرکٹ ٹیم نے گزشتہ چند ماہ کے دوران کئی کامیابیاں حاصل کیں، اب چیمیئنز ٹرافی کا انعقاد پاکستان میں ہونے جارہا ہے جس پر قوم بہت زیادہ خوش ہے کہ اتنے عرصہ کے بعد پاکستان اس سطح کے ایونٹ کی میزبانی کرنے جارہا ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ جیسے ہم نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہی اجلاس کا انعقاد کرکے ثابت کیا کہ پاکستان بڑے بڑے بین الاقوامی ایونٹس کی میزبانی کی صلاحیت رکھتا ہے، اسی طرح ہمارے پاس چیمیئنز ٹرافی کا انعقاد کرنے کی بھی صلاحیت ہے، مہمان ٹیموں کی خوب مہمان نوازی کی جائی گی، اس حوالے سے محسن نقوی بہت محنت کررہے ہیں۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد سے ملک کا تشخص اجاگر ہوگا اور دنیا بھر میں پاکستان کی ساکھ بحال ہوگی، اس کے علاوہ کرکٹ کے کھیل کو مزید فروغ ملے گا، نوجوان اور کرکٹ شائقین گرانڈ میں جاکر میچز دیکھیں گے، پاکستان میں چیمپیئنز ٹرافی کے دوران ایک جشن کا سماں ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ اب بغیر ثبوتوں کے سیاسی باتیں زیادہ کی جارہی ہیں، انٹرنیٹ میں بہتری ہے آئندہ دنوں میں مزید آئے گی، دنیا میں سستا ترین انٹرنیٹ پاکستان میں ہے، دنیا کے کسی ملک میں اس طرح کے ڈیٹا پیکجز نہیں ہوتے۔  ماضی میں کچھ رکاوٹیں تھیں مگر انٹرنیٹ اسپیڈ میں اب بہتری آئی ہے،

اس حوالے سے بغیر شواہد کے سیاسی باتیں کی جارہی ہیں، دنیا کے کئی ممالک میں انٹرنیٹ کی فراہمی میں تکنیکی مسائل آئے ہیں لیکن ہمارا سسٹم کافی بہتر ہے، اس حوالے سے بے بنیاد دعوے کیے جارہے ہیں، انٹرنیٹ اسپیڈ میں آگے مزید بہتری آئے گی، پاکستان میں انٹرنیٹ کے ریٹس دنیا میں سب سے کم ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2025 خوشخبریوں کا سال ہے، معاشی استحکام، مہنگائی میں کمی، اسٹاک ایکسچینج کا مثبت رجحان، پالیسی ریٹ میں کمی، غیرملکی زرمبادلہ میں اضافہ اور اڑان پاکستان جیسے پروگرام کا آغاز ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان درست سمت کی جانب گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ شہباز اور شاہین کی طرح اڑان بھرنا پاکستان کا وژن ہے، اڑان پاکستان میں کھیلوں کے فروغ سے متعلق اقدامات بھی شامل ہیں، میڈیا کرکٹ لیگ میں جیتنے والی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے انعام کا اعلان کیا جائے گا۔