اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بورڈ کی تشکیل نو کی منظوری دی ہے ۔ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق بورڈ کے 11 ممبران میں سے دو ارکان تبدیل ، باقی 9 مزید تین سال تک خدمات انجام دیں گے ۔
ثانیہ رفعت اور عثمان حسن کو پرائیویٹ ممبران کے طور پر بورڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ خاور ممتاز کی بجائے ثانیہ رفعت اور قاضی عظمت عیسی کی جگہ عثمان حسن بورڈ ممبران تعینات کئے گئے ہیں۔ صدر مملکت نے بورڈ کی تشکیل نو کی منظوری بینظیر انکم سپورٹ ایکٹ کے سیکشن 5 کے تحت دی ۔بورڈ کی تشکیل نو کی منظوری تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن کی سفارشات پر کی گئی ۔صدر عارف علوی بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کے چیف پیٹرن ہیں۔