اسلام آباد(صباح نیوز) نائب وزیر اعظم اور وزیر برائے امور خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سال 2025ء اور 2026ء کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر پاکستان کی مدت کے آغاز کے موقع پر وزارت خارجہ میں ایک استقبالیہ کا اہتمام کیا۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تقریب میں اسلام آباد میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن ممالک کے ریزیڈنٹ مشنز کے سربراہان اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ نے کہا کہ آٹھویں بار منتخب ہونے کے بعد پاکستان سلامتی کونسل میں تجربے کی بھرپور میراث اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے لیے غیر متزلزل عزم لے کر آیا ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی امن اور سلامتی میں پاکستان کی شراکت کے ذریعے خاص طور پر اقوام متحدہ کے قیام امن اور دنیا بھر میں قیام امن کی کوششوں میں اس کے فعال کردار کو اجاگر کیا۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود مسائل کے منصفانہ اور پرامن حل کا خواہاں ہے، پاکستان کونسل کے رکن کے طور پر طاقت کے یکطرفہ اور غیر قانونی استعمال یا دھمکی کی مخالفت کرتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہر قسم کی دہشت گردی کا مقابلہ اس کی تمام شکلوں اور مظاہر میں اور اقوام متحدہ کی مؤثر قیام امن کی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں۔ نائب وزیراعظم نے پاکستان کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں منتخب کرنے میں بھرپور حمایت پر اقوام متحدہ کے تمام رکن ممالک سے اظہار تشکر کرتے ہوئے سلامتی کونسل کے تمام اراکین کے ساتھ تعمیری کام کرنے، اقوام متحدہ کی وسیع تر رکنیت کے ساتھ تقسیم کو ختم کرنے اور اتفاق رائے کو فروغ دینے اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مینڈیٹ کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔