اسلام آباد(صباح نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بدھ کو یہاں11سے 12جنوری تک پاکستان کی میزبانی میں مسلم کمیونٹیز میں لڑکیوں کی تعلیم، چیلنجز اور مواقع کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس کی تیاری کے حوالے سے کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان، سیکرٹری وزارت خارجہ، سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات، چیئرمین سی ڈی اے، وزارت خارجہ اور وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔ کمیٹی نے کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لیا جس میں ایک جامع ایجنڈا پیش کیا جائے گا جس میں لڑکیوں کی تعلیم میں حائل رکاوٹوں، لڑکیوں کی تعلیم کے سماجی اور معاشی فوائد اور تعلیمی مساوات کو آگے بڑھانے کے لیے جدید طریقے پر بات چیت بھی شامل ہے۔