پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کرپٹ حکومت کا ظالمانہ اقدام ہے،شہباز شریف


لاہور(صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 12 روپے سے زائد اضافہ ظالم ،جھوٹی اور کرپٹ حکومت کا ظالمانہ اقدام ہے حکومت کے خاتمے تک مہنگائی کا ظلم ختم نہیں ہوگا ، عوام کو ظالم حکومت کے خلاف باہر نکلنا ہوگا عوام کو مہنگائی کی سزا دینے والی حکومت سے نجات دلاکر ریلیف دیں گے۔

ان خیالات کااظہار شہبازشریف نے بدھ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پونے چار سال میں اس حکومت نے صرف مہنگائی بڑھائی ہیموجودہ حکومت عوام کی سفید پوشی کی چادر چھیننے پر تلی ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 46روپے لیٹر پیٹرول دینے کی تقریریں کرنے والے آج ایک ہی دن میں 12 روپے لیٹر اضافے کی منظوری دیتے ہیں عمران نیازی کے نئے پاکستان میں غریب کی کوئی جگہ نہیں صرف مافیا اور کارٹلز کی جیبیں بھری جا رہی ہیں.

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمد حمزہ شہباز شریف نے پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے سے زائد کے اضافے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں ہوشربا اضافہ عوام کا معاشی قتل ہے ۔پاکستان کی تاریخ میں پیٹرول کی قیمت 159 روپے سے زائد کرنے کا سہرا اس حکومت کے سر ہے ،ہر پندرہ دن پر عوام کی جیب پر ڈاکا مارا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سند یافتہ کرپٹ ترین حکومت نے ملک کو دا پر لگا دیا ہے آخر کس ایجنڈے کے تحت عوام کو زندہ درگور کیا جا رہا ہے ملکی معیشت غیر ملکی اداروں کو گروی رکھنے کے بعد یہ حکومت عوام کو کند چھری تلے رکھنا چاہتی ہے اس حکومت نے پاکستان کے متوسط اور غریب  طبقے کی کمر توڑ دی ہے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال بھی پیٹرول کی قیمت میں 40روپے سے زائد کا اضافہ کیا گیا تھا۔