افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام، 15 سے زائد دہشت گرد ہلاک و زخمی

راولپنڈی (صباح نیوز)افغانستان سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش میں 15 سے زائد دہشت گرد ہلاک و زخمی ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 27, 28 دسمبر کی شب 20سے 25 دہشت گردوں نے افغان طالبان کی بارڈر پوسٹوں کا استعمال کرتے ہوئے کرم اور شمالی وزیرستان میں 2مقامات سے پاکستان میں در اندازی کی کوشش کی، جس پر پاکستانی سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کر کے در اندازی کی کوشش ناکام بنا دی۔28 دسمبر کی علی الصبح دہشت گردوں نے دوبارہ افغان طالبان کی پوسٹوں کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں در اندازی کی کوشش کی اور ناکام ہونے پر 28 دسمبر کی علی الصبح دہشت گردوں اور افغان طالبان نے مل کر پاکستانی پوسٹوں پر بِلا اشتعال بھاری ہتھیاروں سے فائر کھول دیا۔

پاکستانی سکیورٹی فورسز نے اس بلا اشتعال فائرنگ کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا۔مصدقہ ذرائع کے مطابق افغانستان سائیڈ پر بھاری نقصانات کی ابتدائی اطلاعات ملی ہیں۔ موثر جوابی فائر سے 15 سے زائد دہشت گردوں کے ہلاک ہونے اور متعدد کے زخمی ہونے کی مصدقہ اطلاعات ہیں۔ موثر جوابی کارروائی اور گولہ باری سے افغان طالبان 6 پوسٹیں چھوڑ کر بھی بھاگ گئے۔ افغان سائڈ پر نقصانات مزید بڑھنے کی بھی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔پاکستانی سکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہ ہونے اورصرف 3 زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بارہا عبوری افغان حکومت سے دہشت گردوں کو پاکستان کے خلاف اپنی سر زمین استعمال نہ کرنے کا کہا ہے، جس پر بجائے دہشت گردوں کو کنٹرول کرنے کے اور ان دہشت گرد عناصر کی سرکوبی کرنے کے، افغان طالبان دہشت گردوں کی مسلسل معاونت کر رہے ہیں۔ دہشت گرد افغانستان میں پوری آزادی کے ساتھ موجود ہیں اور پاکستان مخالف دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے افغان سر زمین کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں۔ پاکستان سکیورٹی فورسز کسی بھی طرح کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں