الخدمت فاؤنڈیشن اورنجی تعلیمی ادارے کی جانب سے فلسطینی طلبہ کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب

 راولپنڈی (صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اور نجی تعلیمی ادارے کی میزبانی میں غزہ کے راولپنڈی واسلام آباد میں موجود فلسطینی طلبہ وطالبات کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کاانعقاد ہوا۔ فلسطینی سفیرڈاکٹرزوہیرمحمد،مرکزی صدرالخدمت ڈاکٹرحفیظ الرحمن،ڈائریکٹرڈاکٹرآف رحمان یوکے ڈاکٹریوسف الدین شیخ، صدر پی ایم ڈی سی ڈاکٹررضوان تاج،ائیرمارشل(ر)ارشدملک،ڈاکٹرسعدظفرسمیت دیگرتنظیموں اور اداروں کے نمائندوں نے تقریب میں اظہارخیال کیا۔

ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کہاکہ غزہ میں تعلیمی ادارے،ہسپتال،گھراورمساجدآگ و بارود کی بارش کی وجہ سے ملبے کا ڈھیربن چکے ہیں ایسے حالات میں بھی غزہ کے بچوں نے تعلیم جاری رکھی،میڈیکل میں زیرتعلیم طلبہ کو آخری سال ڈگری مکمل کرنے کیلئے غزہ میں مواقع حاصل نہیں تھے، الخدمت فاؤنڈیشن نے ایسی صورتحال میں ان طلبہ وطالبات کی تعلیم کو مکمل کرنے کے مشن کا آغازکیا مختلف ممالک سے ذہنی ہم آہنگی رکھنے والے اداروں کااشتراک ہوا ہم نے غزہ کے فلسطینی طلبہ وطالبات کو ساتھ افریقہ، ترکی،مصرمیں تعلیم جاری رکھنے میں سہولیات فراہم کیں۔ پاکستان میں ہم نے میڈیکل یونیورسٹیز اور کالجز سے رابطہ کیا توسینکڑو ں تعلیمی اداروں نے غزہ کے ان فلسطینی بچوں کی تعلیم میں معاونت کواعزا زسمجھا۔

طلبہ وطالبات کو غزہ سے پاکستان پہنچانے کا مرحلہ انتہائی کٹھن تھا لیکن اللہ کی نصرت سے اس میں کامیابی حاصل ہوئی ،الخدمت فاؤنڈیشن اپنے ان تمام اسٹیک ہولڈرز کی شکرگزار ہے لیکن اس سب سے زیادہ ہم مقدس سرزمین فلسطین کے بیٹوں اور بیٹیوں کے شکرگزار ہیں کہ انھوں نے اہل پاکستان کو میزبانی کا اعزاز بخشا یہ ہمارے لیے قابل فخر ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن اپنے فلاحی اور ایجوکیشنل پارٹنرز کے ساتھ مل کران طلبا وطالبات کوتعلیم کی فراہمی سمیت رہائش،ہیلتھ سمیت دیگرضروریات فراہم کررہی ہے۔مزیدطلبہ کی پاکستان آمد کے حوالے سے بھی ورکنگ جاری ہے جلد میڈیکل سمیت دیگر شعبوں کے مزید طلبہ بھی پاکستان آئیں گے۔