وزارتِ دفاع نے مظفر آباد سے لاپتہ مدثر حسین سے متعلق رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرادی

اسلام آباد (صباح نیوز)وزارتِ دفاع نے مظفر آباد سے لاپتہ ہونیوالے مدثر حسین سے متعلق رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرادی۔رواں سال مارچ میں مظفرآباد سے لاپتہ ہونے والے مدثر خان کا پتہ چل گیا ہے، وزارت دفاع نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کیا ہے کہ مدثر حسین انڈر ٹرائل ملزم ہے اور اس پر فوجی عدالت میں کیس چل رہا ہے۔وزارتِ دفاع نے مدثر حسین سے متعلق رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرادی، عدالت نے وزارت دفاع کے نمائندے کو مدثر خان کی اہل خانہ سے قانون کے مطابق ملاقات کرانے کی ہدایت کردی۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے مدثر حسین کی گمشدگی سے متعلق کیس کی سماعت کی،

درخواست گزار ناظمہ فتح یاب کی جانب سے وکیل ایمان زینب مزاری و دیگر جبکہ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل اور وزارت دفاع سے بریگیڈیئر فلک ناز عدالت پیش ہوئے۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی وزارتِ دفاع کی رپورٹ میں بتایا کہ مدثر حسین انڈر ٹرائل ملزم ہے اور اس پر فوجی عدالت میں کیس چل رہا ہے، وکیل درخواست گزار نے مدثر خان کے ساتھ اہلخانہ کی ملاقات کی استدعا کی۔عدالت نے وزارت دفاع کے نمائندے کو مدثر خان کی فیملی سے قانون کے مطابق ملاقات کی ہدایت کردی۔