اسلام آباد(صباح نیوز)تحریک انصاف کے رہنما اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا ہے کہ قیدیوں کی رہائی، 9 مئی اور 26 نومبر پر کمیشن بنانا مطالبہ ہے۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذاکرات سے معاملہ حل ہوتا ہے تو اس سے بڑی کوئی بات نہیں، ہم اس مسئلے کا حل چاہتے ہیں کہ پاکستان کا اچھا تاثر جائے۔
شبلی فراز نے کہا کہ مذاکرات کے بارے میں کہا جاتا تھا پی ٹی آئی نہیں کرنا چاہتی، سیاسی قیدیوں کو رہا کرتے ہوئے مذکرات کا ماحول بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے مذاکرات کے لیے ہاں کی اور کم سے کم مطالبے سامنے رکھے، کم سے کم مطالبات رکھے ہیں تا کہ سنجیدہ فیصلے ہوں، 26 ویں ترمیم پر ہمارا اختلاف ہے لیکن اس نکتے کو بھی مطالبات سے نکالا۔شبلی فراز نے مزید کہا کہ جب فری الیکشن ہو اور مسائل کا حل ہوگا تو ہی آگے بڑھیں گے، سیاسی قیدی رہا ہوں اور کمیشن بنے تو اس سے ملک آگے بڑھے گا۔