لاہور(صباح نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جاتے جاتے عمران خان نے عوام پر مہنگائی کی بمباری تیز کردی،تیل کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی میں مزید اضافہ کریگا۔
انہوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے بیان میں کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی جیب پر ڈاکہ ہے، قبول نہیں کریں گے، کم از کم اقتدار کے آخری دنوں میں تو عمران خان کو پاکستان کے غریب عوام پر ترس کھانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، غربت، ڈالر اور کرپشن کے بعد عمران خان نے تیل کی قیمتوں کو بھی ریکارڈ سطح پر پہنچا دیا،جاتے جاتے عمران خان نے عوام پر مہنگائی کی بمباری تیز کردی ہے، سی این جی سٹیشنز بھی تین ماہ سے بند ہیں، تیل کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی میں مزید اضافہ کرے گا، پٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں اشیائے خور و نوش کے نرخ عوام کی پہنچ سے بالکل بھی باہر ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کی جانب سے تیل کی قیمتوں میں اضافہ تو پہاڑ جتنا اور کمی چیونٹی جتنی بھی نہیں کی جاتی،عالمی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے پر تو پاکستان میں تیل کی قیمت بڑھا دی جاتی ہے لیکن کم ہونے پر کمی نہیں لائی جاتی۔