غزہ (صباح نیوز) غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے صحافیوں کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملے میں 5 صحافیوں سمیت 10 فلسطینی شہید ہو گئے۔نصیرات میں العودہ ہسپتا ل کے سامنے اسرائیلی بمباری سے صحافیوں کی گاڑی تباہ ہو گئی۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملے میں نشانہ بننے والی گاڑی میڈیا ورکرز کی تھی۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے صحافی القدس الیوم ٹی وی چینل میں کام کرتے تھے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ انہوں نے گاڑی کو عسکریت پسندوں کی موجودگی کے پیشِ نظر نشانہ بنایا۔ غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق اسرائیلی حملے میں مجموعی طور پر 10 افراد شہید ہوئے ہیں جن میں پانچ صحافی ہیں۔
اس حوالے سے کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال 7 اکتوبر سے غزہ، مغربی کنارے، اسرائیل اور لبنان میں 141 میڈیا ورکرز مارے جا چکےِ۔کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس نے کہا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں سے 133 فلسطینی میڈیا ورکرز غزہ میں مارے گئے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی فوج کے غزہ کے پناہ گزین کیمپوں پر حملے کے نتیجے میں مزید 40 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے تھے۔