سندھ حکومت نہروں کے معاملے پر احتجاج کے بعد وفاقی حکومت سے علیحدگی اختیار کرے، کاشف سعید شیخ

کراچی(صباح نیوز)  جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے فوجی عدالتوں سے سولین  شہریوں کو دس دس سال قید کی سزائیں دینا جمہوریت کی دعویدار ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے چہرے پر سیاہ داغ قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف حکومت کی جانب سے مہنگائی میں کمی اور اسٹاک ایکسچینج میں بہتری کے دعووں کے باوجود چینی، گھی، دالوں اور سبزیوں سمیت عام استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر اضافے نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، جبکہ بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کمی کے بجائے اضافہ ہوا ہے، حکومت مہنگائی پر کنٹرول اور عوام کو جینے کا حق دے۔ سندھ حکومت دریائے سندھ پر چھ مزید کینال نکالنے کے معاملے پر اپنے موقف میں مخلص ہے تو احتجاجا وفاقی حکومت سے علیحدگی اختیار کر ے،صرف بیان بازی عوام کی آنکھوں میں دھول ڈالنے کی کوششوں کے سوا کچھ نہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لوئر سندھ کے ضلعی امراء کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی نائب امیر افضال احمد آرائیں،قیم محمد یوسف،نواب مجاہدبلوچ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری الطاف احمد ملاح، سہیل احمد شارق سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

کاشف سعید شیخ نے مزید کہا کہ ایک عام آدمی کی حکومت سے یہ توقع ہوتی ہے کہ وہ مہنگائی سے جان چھڑائے گی، بے روزگاری ختم کرے گی اور زورمرہ کی زندگی کے معاملات میں ریلیف دے گی، لیکن جب یہ کام کوئی حکومت کرنے سے قاصر ہو تو اس کا مطلب یہ ہے کہ یہ حکومت عوامی مفادات کے بجائے اپنے مفادات کے لیے کام کر رہی ہے، نتیجے میں صرف عوام کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوتا رہتا ہے۔ پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کے بعد پی ڈی ایم ون اور ٹو کی حکومت میں عوام کیلئے مہنگائی کم ہوئی اور نہ ہی ان کے بنیادی مسائل حل ہو سکے بلکہ مہنگائی مہینوں کی بجائے دن بہ دن بڑھ رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی، دودھ، نوڈلز، کیچپ، جام، بی بی پاؤڈر اور بسکسٹس سمیت مختلف برانڈیڈ شیا کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے ساتھ سراسر ظلم ہے۔ عام آدمی کو آج صاف پانی بھی دستیاب نہیں ، جبکہ لوگ صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات سے سہولیات سے محروم ہیں۔ حکومت مہنگائی میں کمی کے جھوٹے دعوے کرنے کے بجائے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر کنٹرول کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرے تاکہ لوگ سکون کی سانس لے سکیں۔ #