پی ٹی آئی نے4سال میں نارووال میں ایک اینٹ تک نہیں لگائی، احسن اقبال

نارووال(صباح نیوز)پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ مسلم لیگ( ن) کی حکومت آتی ہے تو ہر طرف ترقیاتی منصوبے شروع ہو جاتے ہیں،پی ٹی آئی نے4سال میں نارووال میں ایک اینٹ تک نہیں لگائی۔آنے والا وقت تعلیم اور ہنر کا دور ہے۔ وہی بچے کامیاب ہوں گے جو انوویشن کے جذبات رکھتے ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال پبلک سکول میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔احسن اقبال نے کہا کہ سائنسی ماڈلز کے ذریعے بچوں نے اپنی ذہانت کا خوب مظاہرہ کیا ہے۔میری کامیابی کے پیچھے میری تعلیم موجود تھی۔ نارووال کو تعلیم کا مرکز بنانا میرا مشن تھا۔اسی مشن کی تکمیل کیلئے میں نے 15سال محنت کی۔ نارووال پبلک سکول کو ایچی سن کے معیار پر کھڑا کرنا میرا خواب تھا۔

نارووال پبلک سکول میں کبھی سفارش نہیں کی۔نمائش میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس سمیت تمام نیچرل سائنسز کے بہترین ماڈلز بنائے گئے تھے۔آج نارووال پاکستان میں علم کی بستی کے نام سے پہچانا جاتا ہے۔نارووال میں ٹیکنیکل ایجوکیشن، انجینئرنگ، ویٹرنری سمیت یونیورسٹی آف نارووال بھی موجود ہے۔کئی بچے اور بچیاں آج نارووال سے بنیادی تعلیم مکمل کرکے انٹرنیشنل یونیورسٹیز میں زیرتکمیل ہیں۔

اس سال نارووال میڈیکل کالج میں کلاسز کا آغاز کردیا جائے گا۔اگلے سال نارووال ایگریکلچر کالج کا بھی آغاز کردیا جائے گا۔

آج تمام تر بینڈز نارووال میں ہی موجود ہیں۔نارووال نے گزشتہ پندرہ سالوں میں تیز ترین ترقی کی ہے۔اس سے پہلے والی حکومت نے 4سال میں نارووال میں ایک اینٹ تک نہیں لگائی۔ہمارا منشور پاکستان کی ترقی ہے۔نارووال سپورٹس سٹی کو دوبارہ شروع کررہے ہیں۔سپورٹس سٹی کے آغاز سے نارووال کے کھلاڑی پاکستان کی تمام کھیلوں کی قومی ٹیموں میں شامل ہوں گے۔آنے والا وقت تعلیم اور ہنر کا دور ہے۔بچوں کی نفسیات پر لڑائی کا بہت بڑا اثر ہوتا ہے ، اس لئے اپنے بچوں کی بہتر تربیت کیلئے بہتر ماحول دیں تاکہ وہ اچھے شہری بن سکیں۔تکنیکی صلاحیت سوالات کرنے سے بنتی ہے سوال کرنے سے کبھی نہ ٹوکیں۔اساتذہ کو چاہیے کہ وہ بچوں کو سوالات سے روکنے کی بجائے سوالات کے جوابات دیں۔

بچوں کو جتنا اچھا ماحول ملک کا وہ اتنے ہی اچھے انسان بنیں گے.بچوں کو اخلاقیات کا درس بھی دیں تاکہ یہ معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔قبل ازیں وفاقی وزیر احسن اقبال  نے این پی ایس کے طلبہ کی جانب سے لگائی جانے والی سالانہ آرٹ اینڈ سائنس ایگزیبیشن کا جائزہ لیا اور رکھے جانے والے ماڈلز  دیکھے اور بچوں کے ساتھ سائنس کے بنیادی اصولوں بارے تفصیلی گفتگو کی۔