اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملاقات کی،ملاقات میں قومی اسمبلی میں قانون سازی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا
مزید برآں خیبرپختونخوا کے انضمام شدہ اضلاع کی تعمیر و ترقی کو یقینی بنا کر انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔
وزیرِ اعظم نے نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا کر کے KP کے انضمام شدہ اضلاع کی ترقی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
دریں اثنا وزیراعظم عمران خان سے کراچی کے رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی نے ملاقات کی،ملاقات میں متعلقہ حلقے کے سیاسی امور اورترقیاتی منصوبوں پرتبادلہ خیال کیا گیا
آفتاب صدیقی نے ملک میں متوسط اور نچلے طبقے کے لیے سستی رہائشی سہولتوں کی فراہمی کے لیے کم لاگت گھروں کی تعمیر کے لیے وزیر اعظم کے اہم اقدام کو سراہا۔
وزیراعظم نے انہیں ہدایت کی کہ وہ کراچی میں پارٹی کو نچلی سطح پر مضبوط اور منظم بنانے کے لیے کارکنوں کو متحرک کریں۔