پشاور (صباح نیوز)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نیجمعہ کو پشاور کا دورہ کیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلی آفس میں وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے ملاقات کی ۔ وزیر اعلی آفس آمد پر وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال اور کرم میں قیام امن کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے علی آمین گنڈاپور کو قیام امن کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادکار بڑھانے میں مدد کریں گے، کرم میں قیام امن اولین ترجیح ہے۔ وزیرداخلہ نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کرم میں پائیدار امن کا قیام کے لئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا ہمارے لئے سرمایہ افتخار ہیں، لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، ملکر دہشتگردی کے عفریت کا مقابلہ کریں گے۔