اسلام آباد(صباح نیوز) اٹھارویں دو روزہ اسپیکرز کانفرنس کل سے اسلام آباد میں شروع ہوگی،اٹھارویں اسپیکرز کانفرنس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کریں گے،قانون ساز اداروں کے سربراہان/سپیکرز کی کانفرنس پارلیمانی جمہوریت کے فروغ کے لیے ایک اہم ادارہ جاتی فورم ہے۔ اٹھارویں اسپیکرز کانفرنس کا انعقاد دس سال کے طویل تعطل کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں اسلام آباد میں ہو رہا ہے۔کانفرنس میں چیئرمین سینیٹ، چاروں صوبائی، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان اسمبلیوں کے اسپیکرز اپنے پارلیمانی وفود کے ہمراہ شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں پارلیمانی طریق کار اور قواعد و ضوابط میں یکسانیت سمیت قانون ساز اداروں کے مابین رابطوں کے فروغ، عوام اور پارلیمانوں کے مابین رابطوں کو بڑھانے پر غور کیا جائے گا۔کانفرنس میں تحقیق پر مبنی قانون سازی کے فروغ اور قانون ساز ادارون کے مابین رابطوں کو مضبوط بنانے اور ہم آہنگی کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اٹھارویں اسپیکرز کانفرنس میں جن اہم موضوعات پر توجہ مرکوز کی جائے گی ان میں پارلیمانی کارروائی میں نظم و ضبط اور کارکردگی کو یقینی بنانے کے لیے انسیٹیوٹ آف ویپس کو مزید مضبوط اور بااختیار بنانا، عوام کی پارلیمان تک رسائی بڑھانے کے لیے ورچوئل پارلیمنٹ کا قیام، پارلیمنٹ اور عوام کے مابین رابطوں کو بہتر بنانا، قانون سازی کے عمل کو آسان بنانے کے لیے قواعد و ضوابط میں ترمیم، بین الصوبائی پارلیمانی روابط کو مضبوط بنانا، قانون ساز اداروں کے درمیان تجربات اور بہترین روایات کے تبادلے کے لیے طریقہ کار وضع کرنا، پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) کے حصول کیلئے قانون ساز اداروں کے مابین رابطوں میں اضافہ، صنفی مساوات، نوجوانوں کی نمائندگی، اور بچوں کے حقوق اور موسمیاتی تبدیلیوں سے ٹمٹنے جیسے اہم مسائل شامل ہیں۔اٹھارہویں اسپیکرز کانفرنس اسپیکر سردار ایاز صادق کے ملک کے قانون ساز اداروں کے درمیان رابطوں، تعاون، اور ہم آہنگی کے فروغ کے عزم کی عکاسی ہے۔ پارلیمانی حلقوں میں اس کانفرنس کو بڑی اہمیت دی جارہی ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ یہ کانفرنس قانون ساز اداروں کے درمیان آہنگی کو فروغ دینے، قانون سازی کے عمل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، اور موثر پارلیمانی خدمات کے لیے ایک مربوط فریم ورک کو وضع کرنے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔ یہ اہم اجتماع وفاقی، صوبائی، اور قانون ساز اسمبلیوں کے درمیان تعاون میں اضافے، تجربات اور بہترین روایات کے تبادلے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرے گا، جس سے اداروں کے مابین رابطے مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ کانفرنس افتتاحی، اختتامی اور سائیڈ لائن اجلاسوں کے علاوہ مخصوص قومی ترجیحات پر بات کرنے کیلئے خصوصی پارلیمانی فورمز جن میں پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) پارلیمانی ٹاسک فورس، ویمن پارلیمنٹری کاکس (WPC)، ینگ پارلیمنٹری فورم (YPF)، پارلیمانی کاکس برائے چائلڈ رائٹس(PCCR) کے بھی اجلاس ہونگے۔ ان اجلاسوں میں پارلیمانی کوششوں کو عالمی ترقیاتی ایجنڈے کے ساتھ ہم آہنگ کرنے، فیصلہ سازی میں خواتین کے کردار کو بڑھانے، پالیسی سازی میں نوجوانوں کی نمائندگی کو مضبوط بنانے اور بچوں کی فلاح و بہبود اور تحفظ کے لیے قانون سازی کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔اسپیکرز کانفرنس کی ابتدا ئ1921 میں ہوئی جب برصغیر پاک و ہند کو برطانوی راج کے تحت مغربی جمہوریت بلخصوص ویسٹ منسٹر طرز حکومت سے روشناس کروایا گیا۔ اس اہم فورم کو برصغیر پاک و ہند کی پارلیمانی تاریخ میں نمایاں مقام حاصل ہے۔ پاکستان میں آئین سازی میں تاخیر، ون یونٹ کے قیام اور جمہوریت کی بساط لپٹ جانے کے باعث یہ اہم پارلیمانی فورم سرد خانے میں چلا گیا۔ 1973 میں متفقہ آئین کی منظوری نے وفاقی پارلیمانی جمہوریت کی راہ ہموار کی تو اسپیکرز کانفرنس کو ارسرنو فعال کیا گیا۔ پاکستان میں پہلی اسپیکرز کانفرنس 1972 میں کراچی میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت تیسری آئینی اسمبلی کے اسپیکر فضل الہی چوہدری نے کی، 1973، 1975، 1976 میں بالترتیب کراچی، کوئٹہ، سوات میں اسپیکرز کانفرنس صاحبزادہ فاروق علی کی سربراہی میں منعقد ہوئی، جبکہ 7 ویں اور 8 ویں اسپیکرز کانفرنس 1985 و 1986 میں اسلام آباد میں سید فخر امام کی سربراہی میں منعقد ہوئی، 9 ویں اسپیکرز کانفرنس 1987 میں حامد ناصر چٹھہ کی سربراہی میں کوئٹہ میں منعقد ہوئی،
مزید برآں ملک معراج خالد کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ 10 ویں اور 11 ویں اسپیکرز کانفرنس جو کہ 1989 اور 1990 میں کراچی، لاہور میں انکی سربراہی میں منعقد ہوئی، پھر تین سال کے وقفے کے بعد گوہر ایوب خان کی سربراہی میں 1993 میں 12ویں اسپیکرز کانفرنس پشاور میں منعقد ہوئی، جبکہ الہی بخش سومرو نے 1998میں مظفرآباد میں 13ویں اسپیکرز کانفرنس کی سربراہی کی، پانچ سال کے وقفے بعد اسپیکر قومی اسمبلی چوہدری امیر حسین کی سربراہی میں 2004 میں 14 ویں اور 2006 میں 15 ویں اسپیکرز کانفرنس منعقد ہوئی اور 16 ویں اسپیکرز کانفرنس 2010 میں اسپیکر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کی سربراہی میں لاہور میں منعقد ہوئی، 17ویں اسپیکرز کانفرنس اسپیکر سردار ایاز صادق کی سربراہی میں 2014 میں اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ اب 10 سال کے بعد 18ویں اسپیکرز کانفرنس منعقد ہو رہی ہے۔ جمہوری اداروں کو استحکام دینے کیلئے اس اہم فورم کا تسلسل ناگزیر ہے۔