حکومت گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا عوام دشمن فیصلہ فوری طور پر واپس لے،کاشف سعید شیخ

کراچی( صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں ایک بارپھر 25%اضافے کے فیصلے کوعوام پر گیس بم گرانے کے مترادف قرار دیتے ہوئے اس عوام دشمن فیصلے کی شدید مذمت کرتے مطالبہ کیا ہے کہ حالیہ اضافہ فی الفور واپس لیا جائے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سراسر ظلم اور غریب عوام کا معاشی قتل عام ہے۔پٹرول، بجلی اورگیس کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی کا مزید طوفان آئے گا،

حکمران مہنگائی میں کمی کا جھوٹا راگ بند کریں،موجودہ نام نہاد جعلی حکومت کی عوام دشمن پالیسیاں قابل مذمت ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں اور سفید پوش طبقہ خون کے آنسوں رونے پر مجبور ہے۔ نام نہاد جعلی پی ڈی ایم ٹو حکومت کی جانب سے گزشتہ 22ماہ میں گیس کی قیمتوں میں 450فیصد تک اضافہ کیا جا چکا ہے اور اس اضافے کے دائرے میں پروٹیکٹڈ صارفین بھی شامل ہیں یہ عوام کے ساتھ سراسر ظلم و نا انصافی ہے، عوام اشیائے خورونوش،بجلی اورگیس کے بھاری بلوں سمیت بڑھتی ہوئی مہنگائی سے پہلے ہی سخت پریشان ہیںحالیہ اضافے سے غریب عوام کی کمر ٹوٹ جائے گی۔

انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ حکومت گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا عوام دشمن فیصلہ فوری طور پر واپس لے۔ بجلی اور گیس کے بلوں میں اضافے نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔جبکہ دوسری جانب گیس کی شدید لوڈ شیڈنگ اور سوئی گیس کے بلوں میں ظالمانہ اضافہ غریب عوام کے ساتھ سراسر ظلم ہے۔ اس مہنگائی کے دور میں غریب کیلئے 2 وقت کی روٹی پوری کرنا مشکل ہوگیا ہے۔  حکومت بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کرکے ”غریب مکائو” مہم چلا رہی ہے۔ گیس کمپنی نے بھی کے الیکٹرک کی طرح مختلف بہانوں سے کراچی کے شہریوں سے اضافی بل وصولی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، شہر بھر میں گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ نے عوام کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے۔