اسلام آباد(صبا ح نیوز)سعودی عرب کی شوری کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ کی پارلیمانی وفد کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس آمد ہوئی۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ان کا استقبال کیا بعدازاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور پارلیمانی روابط کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سعودی شوری کونسل کے چیئرمین اور ان کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتا ہوں، تمام اراکین پارلیمنٹ اور پاکستانی عوام حرمین الشریفین اور سعودی عوام کے لیے دلوں میں احترام رکھتے ہیں، سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے ساتھ بڑے بھائیوں کی طرح کھڑا رہا ہے، دونوں برادر ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ اپنی بے مثال دوستی پر فخر ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سعودی عرب کے عوام اور قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات باہمی اعتماد و احترام پر مبنی ہیں، دونوں بردار ممالک مشترکہ مذہب، ثقافت اور تاریخ کے اٹوٹ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں ، پارلیمانی رابطوں میں اضافہ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دونوں برادر ممالک اہم علاقائی و عالمی ایشوز پر یکساں موقف رکھتے ہیں، سعودی شوری کونسل کے چیئرمین کا حالیہ دورہ پاکستان دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں تعاون کو فروغ دینے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا، پاکستان کی پارلیمان سعودی عرب کی شوری کونسل کے ساتھ اپنے مفاہمتی یادداشتوں کو عملی جامہ پہنانا چاہتی ہے۔ سعودی شوری کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ نے پرتپاک استقبال پر اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں پاکستانی پارلیمان کے کردار کو سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی اقتصادی، تجارتی اور تعلیمی شعبوں میں تعاون میں اضافہ دونوں ممالک کے عوام کے بہترین مفاد میں ہے۔چیئرمین سعودی شوری کونسل نے مسلم امہ کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا، مسلم دنیا کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔سعودی شوری کونسل کے چیئرمین نے پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں اضافے اور دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔۔