شہر کا 70فیصد حصہ پانی سے محروم حکومتی جماعتیں گورنر شپ کے لیے رسہ کشی کررہی ہیں، منعم ظفر خان


کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ شہر کراچی اس وقت مسائل کا شکار ہے ،سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ، سی ای او واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کا کہنا ہے کہ کراچی کا 70فیصدحصہ پانی سے محروم ہے ، ایسے حالات میں جب شہری پانی سے محروم ہیں مسلم لیگ ن ، پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم گورنر شپ کے حصول کے لیے رسہ کشی اور بیان بازی کرر ہی ہیں ، کراچی کے بہت سے شہری ٹینکروں اور ڈمپر کی ٹکر سے قیمتی جانوں سے ہاتھ دھوبیٹھے ، گزشتہ 11ماہ میں اسٹریٹ کرائم میں 107شہری جاں بحق اورہزاروں کی تعداد میں شہری زخمی ہوچکے ہیں۔ایک بار پھر سے سسٹم پر ہاتھ ڈالنے کی بات کی جارہی ہے ،

ہمیں بتایا جائے کہ آج سے 4ماہ قبل بارشوں کے نتیجے میں سڑکیں بہہ گئیں ، یہ وہ سڑکیں تھیں جن پر اربوں روپے خرچ کیے گئے لیکن اس کے بعد اس پر بات نہیں کی گئی ،جس سسٹم پر ہاتھ ڈالنے کی بات کی جارہی ہے اس سسٹم کو تو خود اسلام آباد میں جاکر بٹھادیا گیاہے ،سارے وہ لوگ جو سسٹم کو چلارہے ہیں ، وہ سب شہر کی اہم نشستوں پر موجود ہیں اور کرپشن کررہے ہیں ، اگر واقعی سسٹم پر ہاتھ ڈالنا ہے تو ایسے لوگوں پر ہاتھ ڈالا جائے جو شہر کو لوٹ رہے ہیں اور جن کی وجہ سے کراچی کا امن و امان ایک بار پھر سے تباہ و برباد ہورہاہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعید گراؤنڈ فیڈرل بی ایریا بلاک6 میں ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گلبرگ کے تحت ”سالانہ اسپورٹس ویک 16 دسمبر تا 21 دسمبر” کی افتتاحی تقریب میں خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب سے ٹاؤن چیئرمین گلبرگ نصرت اللہ،امیر ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج ،سابق امیر ضلع گلبرگ فاروق نعمت اللہ و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔منعم ظفر خان نے مزیدکہاکہ آج گلبرگ ٹاؤن میونسپل نے سالانہ اسپورٹس ویک کا آغاز کیا ہے ،ٹاؤن چیئرمین اور ان کی پورٹیم سالانہ اسپورٹس ویک کے انعقاد پر مبارکباد کی مستحق ہے ، جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمینز تعلیم کی سہولیات اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دے رہے ہیں لیکن قابض میئر سرپرستی کے لیے تیار نہیں ہیں ۔انہوںنے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمین بہترین تعلیم اورکھیلوں کی سرگرمیاں  فراہم کرنے میں مصروف عمل ہیں ، انہوں نے طلبہ و طالبات کو ہدایت کی کہ خوب دل لگا کر پڑھیں اور صحت مند سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز لانڈھی یوسی 3میں سرکاری و پرائیویٹ اسکولز میں میٹرک کے امتحان میں A1اور Aگریڈ حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ ، سرٹیفکیٹ اور شیلڈز تقسیم کی گئیں ، ہم بچوں کو مایوس نہیں کریں گے ، تعلیم اور صحت کے میدان میں آگے بڑھائیں گے ۔

گلبرگ ٹاؤن میں 24سرکاری اسکولز ہیں ،ان میں اعلیٰ تعلیم بھی فراہم کی جارہی ہے اور ان کی بلڈنگ کی مرمت کا کام بھی جاری ہے ،3سال بعد ان اسکولوں کامنظر نامہ بالکل منفرد ہوگا اور انہی اسکول سے پڑھنے والے بچے ملک و ملت کا سہارا بنیں گے۔ منعم ظفر خان نے مزیدکہاکہ 16دسمبر کا دن تاریخ کا سیاہ دن ہے ،یوم سقوط ڈھاکا ہوا جو اپنوں کی سازشوں اور بھارت کی دخل اندازی کے نتیجے میں ہم سے الگ ہوا ،یہ وہ دن تھا جب مشرقی بازو ہم سے الگ ہوا تو بھارت نے جشن منایا ۔آج بھی وطن وعزیز جن سیاسی و معاشی حالات سے گزررہا ہے جس میں ہمیں آپس میں اتحاد واتفاق سے رہنے کی ضرورت ہے اور سازش کرنے والوں کوبے نقاب کرنے کی ضرورت ہے ۔16دسمبر 2014کا ہی دن ہے جس دن آرمی پبلک اسکول میں معصوم طلبہ پر حملہ کرکے شہید کیا گیا، آج تک اس کے پیچھے شر پسند عناصر کا پتا نہیں چل سکا، وطن عزیز میں سلامتی اور امن و امان قائم رکھنے قانون نافذ کرنے والوں کی ذمہ داری ہے ۔