وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی زیر صدارت فرٹیلائزر ریویو کمیٹی کا اجلاس، یوریا کی طلب اور فراہمی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ


 اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کی زیر صدارت فرٹیلائزر ریویو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ربیع سیزن 2024-25 کے دوران یوریا کی طلب اور فراہمی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے اعلامیہ کے مطابق  رواں سیزن میں یوریا کی طلب میں 16.4 فیصد اضافے کا امکان ہے۔ وزیر نے اس موقع پر کسانوں کو کھاد کی مقررہ قیمت پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔

وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ پنجاب حکومت کے کسان کارڈ پیکج نے یوریا کی طلب میں اضافے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کھاد کے پیداواری یونٹس کو پوری صلاحیت کے ساتھ چلایا جائے تاکہ طلب اور رسد میں توازن برقرار رکھا جا سکے۔ اجلاس میں کھاد کی درآمد کے مختلف آپشنز اور سفارشات پر بھی غور کیا گیا تاکہ کسانوں کو کھاد کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

رانا تنویر حسین نے واضح کیا کہ کھاد کی ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی کسانوں کے مفادات کے ساتھ کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔