کراچی (صبا ح نیوز) حماس کے وفد نے، ڈاکٹر خالد قدومی کی قیادت میں، دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کراچی کا دورہ کیا اور مفتی مفتی منیب الرحمن صاحب سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں وفد نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت، بے گناہ فلسطینیوں کی شہادتوں، اور مجاہدین کے غیر متزلزل عزم و حوصلے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
مفتی منیب الرحمن نے غزہ کے مجاہدین کے جذبہ جہاد اور بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ امت مسلمہ کی دینی و ملی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر ممکن طریقے سے مظلوم فلسطینیوں کی مدد کرے۔ انہوں نے فلسطینی عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امت کے ہر فرد پر لازم ہے کہ وہ اپنے وسائل، وقت، اور دعاں کے ذریعے مظلومین کی حمایت کرے۔
مزید برآں، مفتی منیب الرحمن نے مسلم حکمرانوں پر زور دیاکہ وہ قراردادوں اور مطالبات تک محدود رہنے کے بجائے عملی اقدامات کریں تاکہ مظلوم فلسطینی عوام کو فوری اور موثر مدد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مسلم دنیا کو اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی برادری پر دباو ڈالنا چاہیے تاکہ فلسطینیوں کے خلاف جاری مظالم کا خاتمہ ہو اور مسئلہ فلسطین کے حل کی راہ ہموار ہو