26نومبر احتجاج،پی ٹی آئی کے 57 ملزمان کی ایک بار پھر رہائی کا حکم

اسلام آباد(صباح نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر کے احتجاج کے تناظر میں گرفتار کیے گئے پی ٹی آئی کے 57ملزمان کو مقدمے سے خارج کرکے ایک بار پھر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق 26 نومبر کے احتجاج کے تناظر میں گرفتار پی ٹی آئی کے ملزمان انسداد دہشتگردی میں عدالت پیش ہوئے جہاں جج طاہر عباس سپرا نے ان کی رہائی کا حکم جاری کیا۔

عدالت نے ملزمان کو دوبارہ گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ ہتھکڑی کھول کر ملزمان کو احاطہ عدالت سے رہا کیا جائے۔ جج نے سختی کے ساتھ پولیس کو حکم دیا کہ اگر ملزمان دوبارہ گرفتار ہوئے تو تب تک نہیں جائوں گا جب تک انہیں یہاں دوبارہ پیش نہ کیا جائے گا، پرسوں کی طرح ملزمان کو دوبارہ گرفتار نہیں کرنا۔ واضح رہے کہ عدالت نے ان ملزمان کو دو روز قبل بھی رہا کیا تھا تاہم عدالت سے نکلتے ہی پولیس نے ان سب کو دوبارہ گرفتار کرلیا تھا۔ عدالتی حکم کے باوجود پولیس کی جانب سے 57ملزمان کو ابھی تک نہیں چھوڑا گیا جس پر وکلاء کمرہ عدالت پہنچ گئے۔ وکلا ء کی شکایت پر جج طاہر عباس سپرا کمرہ عدالت سے باہر جوڈیشل کمپلیکس کے اندر کے دروازے پر آگئے اور متعلقہ پولیس اہلکاروں کو بلا لیا۔ جج نے دوبارہ ہدایت دی کہ پرسوں والا کام نہیں ہونا چاہیے ملزمان کو فوری رہا کیا جائے۔