جمہوری، سیاسی، بنیادی حقوق کی آزادی کے لیے عوام کو تمام تعصبات سے بالاتر ہوکر جدوجہد کرنا ہوگی،لیاقت بلوچ

لاہو ر(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے ہدیة الہادی کی سالانہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کے لیے آزادی بہت بڑی نعمت ہے. جمہوری، سیاسی، بنیادی حقوق کی آزادی کے لیے عوام کو تمام تعصبات سے بالاتر ہوکر جدوجہد کرنا ہوگی، مراعات یافتہ طبقہ مٹھی بھر لیکن 25 کروڑ عوام پر مسلط ہے. بالادست طاقتور ناجائز مسلط طبقات نے عوام کو لسانی، علاقائی، فرقہ وارانہ اور صوبائی تعصبات کا شکار کردیا ہے، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو وسائل سے مالا مال کیا ہے، بدانتظامی، کرپشن اور بیرونی ذہنی اور معاشی غلامی نے عظیم ایٹمی صلاحیت کے حامل ملک کو رُسوا کردیا ہے، نوجوان ملک و ملت کی بنیادی اساسی طاقت ہیں، تعلیم، ٹیکنالوجی، ہنرمندی اور مسلسل محنت سے نوجوان ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے۔

لیاقت بلوچ نے معروف سیاسی، سماجی رہنما سید اجمل شاہ کے ڈیرے پر سیاسی، سماجی، بلدیاتی رہنماؤں اور جماعتِ اسلامی ہڑپہ ساہیوال کے رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے ہمیشہ بڑی خواہشات اور تمناؤں سے سیاسی قیادت کو مقبولیت دی، دیوانہ وار کام کیا اور اقتدار میں لانے کیساتھ بڑی اُمیدیں وابستہ کیں لیکن پی پی پی، مسلم لیگ، پی ٹی آئی کی حکومتیں اسٹیبلشمنٹ کے سامنے ڈھیر ہوگئیں اور عوام کی اُمیدوں اور ارمانوں کا خون ہوگیا. ہر اقتدار نے عوام کو مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی،رُسوائی اور دنیا بھر میں بدنامی کے سِوا کچھ نہ دیا. جماعتِ اسلامی پاکستان کی منظم، ملک گیر اور عوام کی خدمت کرنے والی جماعت ہے اور ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے جماعتِ اسلامی صلاحیت، اہلیت اور بااعتماد ٹیم رکھتی ہے، پنجاب کے عوام کو بلدیاتی حقوق سے محروم کردیا گیا ہے، پنجاب کے دیہاتی عوام غلامی کی تاریک رات کے خاتمہ کے لیے جماعتِ اسلامی کا ساتھ دیں.

ھم قومی معیشت کو قرضوں، اغیار کی غلامی، سُود کی لعنت سے نجات دِلانے کے لیے زراعت کو قومی ترقی کا مضبوط زینہ بنائیں گے. ملک و ملت کو خودانحصاری، دیانتداری، قومی وسائل اور ملک کے پاس موجود پانی کو تمام صوبوں کو منصفانہ بنیاد پر تقسیم کریں گے، ٹیوب ویلز کے مہنگے پانی سے نجات کے لیے قومی اتفاق رائے سے پانی کے ذخائر میں اضافہ کریں گے۔لیاقت بلوچ سے نوجوانوں اور طلبہ وفد نے ملاقات کی. طلبہ نے مہنگی تعلیم اور تعلیمی اداروں پر مسلط بییقینی اور دیہی سرکاری سکولوں کی اصلاح کی بجائے پرائیوٹ سیکٹر کے حوالے کرنے کی مشکلات سے آگاہ کیا.

لیاقت بلوچ نے نوجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک و ملت کی ترقی کے لیے نوجوان ہی اصل طاقت ہیں، نوجوان کردار، نظریات پر پختگی کیساتھ ظلم و جبر کے مقابلے میں حق و انصاف کے علمبردار بن جائیں تو وہ ساری قوتیں جو نئی نسل کو تعلیم، روزگار، باوقار زندگی سے محروم رکھنا چاہتی ہیں، اُن سب کو شکست دی جاسکتی ہے، لیاقت بلوچ نے اسلامی جمعیت طلبہ کے اسلامی نظریاتی اور قومی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ طلبہ یونین بحال کی جائیں، جمہوریت کے دعویداروں کا ملک میں طلبہ و طالبات اور نوجوانوں کو جمہوری حقوق، سیاسی تربیت سے محروم کرنا جاگیردارانہ اور آمرانہ ذہنیت کی عکاسی ہے۔