لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے سانحہ آرمی پبلک سکول کے دس سال مکمل ہونے پر میڈیا کو جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم سو گوار ہے۔دہشتگردوں کے ہاتھوں آرمی پبلک اسکول پشاور کے بچوں کی شہادت کو دس سال مکمل ہوگئے مگر اس کا زخم آج بھی تازہ ہے۔سانحہ اے پی ایس ملکی تاریخ کے تاریک ترین ابواب میں سے ایک ہے۔ دہشتگردوں نے جس سفاکی کیساتھ بچوں کو شہید کیا قوم اس کو کبھی نہیں بھول سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سانحہ اے پی ایس نے ہمیں دہشتگردی کے خلاف بحیثیت قوم متحد کیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عام شہریوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ بیرونی ملک دشمن عناصر کی ایما پر دہشت گرد معصوم پاکستانیوں کو نشانہ بناتے ہیں، سکورٹی فورسز ملک دشمن عناصر سے ہمت اور جواں مردی سے نبرد آزما ہیں۔ پوری قوم اپنے شہدا ء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ آج کا دن اس بات کا عزم کرنے کا دن ہے کہ ہم بھارت اور اس کی دہشت گردی کے سامنے کبھی کمزور نہیں پڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد مسلسل معصوم شہریوں کونشانہ بنا رہے ہیں اور ان کی پشت پناہی ہندوستان کر رہا ہے۔ مودی حکومت کی دہشت گردی اب امریکہ، کینیڈا سمیت پورے دنیا کے سامنے عیاں ہو چکی ہے۔ 1971 سقوط ڈھاکہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارتی کی سازشیں آج سے نہیں بلکہ شروع دن سے جاری ہیں اور وہ پاکستان کے وجود کو کھلے دل سے قبول کرنے کو تیار نہیں۔ مودی حکومت آر ایس ایس کے ایجنڈے کو ہی آگئے بڑھا رہی ہے۔
محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت پاکستان دہشت گردی کی عفریت سے نجات کے لئے اصل محرکات کا ادراک کرتے ہوئے دہشت گردی کو پروان چڑھانے والوں کو کیفرکردار تک پہنچائے اور بے نقاب کیا جائے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے پیچھے بھارت براہ راست ملوث ہے ۔ملک و قوم کی سلامتی سے بڑھ کر کچھ نہیں ہو سکتا ۔ آج حالات جس نہج پر پہنچ چکے ہیں ان میں مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی کی پالیسیوں کا بنیادی کردار ہے۔جنوبی ایشیائی خطے میں جب تک امن قائم نہیں ہوتا اس وقت تک کوئی بھی ملک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتا