وزیراعظم شہباز شریف نے بیرون ملک 2سفرا کی تعیناتی کی منظوری دے دی

اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے بیرون ملک 2سفراء کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔ وزیر اعظم سیکرٹریٹ ذرائع کے مطابق تعینا تی کی منظوری وزیرخارجہ سینیٹر محمداسحاق ڈار کی جانب سے بھیجی گئی سمری کے تناظر میں دی گئی۔ مرغوب سلیم بٹ سوئٹزرلینڈ میں پاکستان کے نئے سفیر ہوں گے، مرغوب سلیم بٹ اس وقت وزارت خارجہ میں ایڈشنل سیکرٹری برائے ایس سی او ہیں۔

اسی طرح عامر شوکت کو مصر میں سفیر تعینات کرنے کی منظوری دی گئی ، عامر شوکت اس وقت سوئٹزرلینڈ میں سفیر کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم کو گزشتہ ماہ سفرا کی تعیناتی کی سمری ارسال کی گئی تھی، فرانس نے بھی نئے نامزد سفیر کو سفارتی سطح پر منظور کرلیا، ممتاز زہرہ بلوچ فرانس میں پاکستان کی نئی سفیر ہوں گی، ممتاز زہرہ بلوچ اس وقت ترجمان دفترخارجہ کے طور پر فرائض انجام دے رہی ہیں۔یاد رہے ممتاز زہرہ بلوچ کی تعیناتی کی منظوری وزیراعظم نے اگست میں دی تھی۔