اسلام آباد(صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے آرمی پبلک اسکول پشاور کے المناک سانحے کی برسی کے موقع پر شہدا آرمی پبلک کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ 16 دسمبر 2014 کو پیش آنے والا یہ دلخراش سانحہ قومی تاریخ کا سیاہ باب ہے جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ،اس افسوس ناک واقعہ نے پوری قوم کو کرب اور دکھ میں مبتلا کیا۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول کے معصوم طلبہ اور اساتذہ کی قربانیاں نہ صرف دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم کی مضبوطی کا باعث بنیں بلکہ اس ناسور کے خاتمے کے لیے پوری قوم کو متحد کیا۔ انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول کے معصوم شہدا دہشت گردی کے خلاف ہمارے قومی اتحاد اور پختہ عزم کی علامت ہیں۔اسپیکر نے آرمی پبلک اسکول کے معصوم شہدا کے والدین کے صبر و حوصلے کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اپنے جگر کے ٹکڑوں کو کھو دیا لیکن اپنے عزم اور حوصلے کو برقرار رکھا۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قانون سازی کے ذریعے بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 16 دسمبر اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ ہم اپنے بچوں کے محفوظ اور روشن مستقبل کے لیے امن و امان کو یقینی بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ نے بھی اس موقع پر آرمی پبلک اسکول کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آرمی پبلک اسکول کے شہدا کی یادیں آج بھی ہمارے دلوں میں تازہ ہیں۔
انہوں نی ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاکستان مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں اور افسران کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا قوم کے حقیقی ہیروز ہیں ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول کے معصوم طلبہ اور اساتذہ کی قربانیوں نے قوم کو دہشت گردی کے خلاف یکجا کیا اور یہ پیغام دیا کہ پاکستان کے امن و استحکام کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔