حکمرانوں کے ہوس اقتدارنے سقوط ڈھاکا جیسے سانحہ کو جنم دیا جسے تاریخ میں سیاہ ترین دن کے طور پر یاد کیا جاتا رہے گا، رخشندہ منیب

کراچی(صباح نیوز) حلقہ خواتین جماعت اسلامی سندھ کی ناظمہ صوبہ رخشندہ منیب نے کہا ہے کہ ہوس اقتدار، سیاستدانوں کی خودغرضی و نااہلی اور مفاد پرستی نے سقوط ڈھاکا جیسے سانحہ کو جنم دیا جسے پاکستان کی تاریخ میں سیاہ ترین دن کے طور پر یاد کیا جاتا رہے گا اس سانحہ سے سبق سیکھنے کے بعد حکمرانوں کو اپنی پالیسوںپر نظر ڈالتے ہوئے اپنی روش تبدیل کرنا چاہیے تھی لیکن بد قسمتی سے آج بھی پاکستان کے حکمران اسی ہٹ دھرمی و غیرمنصفانہ و اور غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں جو خدا نخواستہ کسی نئے سقوط کا سبب بن سکتے ہیں۔

یوم سقوط ڈھاکہ پرجاری اپنے بیان میں انہوں نے مزیدکہاکہ بنگلہ دیش کے موجودہ حالات سے ہمیں اور حکمرانوں دونوں کو سبق حاصل کرنا چاہیے انہوں نے مزید کہا کہ بنگلا دیش کی عوام نے ثابت کردیا کہ عوام جب متحد ہو جائیں تو ظالم سے ظالم حکمران بھی اپنے محلات چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ہم بھی جب نسلی و لسانی تعصبات سے بالاتر ہوکر اپنے حقوق کے حصول کے لیے یکجا ہوں گے تو ان شااللہ ہم بھی آنے ملک کو حقیقی ترقی کی طرف گامزن کرکے ایک روشن مستقبل کی بنیاد رکھ سکیں گے۔