بنو قابل پروگرام آئی ٹی انقلاب کی نویدہے ، نوجوانوں کو روزگارملے گا ، منعم ظفر خان

کراچی (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ الخدمت بنو قابل پروگرام آئی ٹی انقلاب کی نوید ہے۔ اس سے نوجوانوں کو روزگار ملے گا اور پاکستان کی معیشت بھی بہتر ہوگی۔ الخدمت نے نوجوان طلبہ و طالبات کو پڑھانے کا بیڑا اٹھایا ہے۔ کراچی کے نوجوان مایوس نہ ہوں، محنت کریں دل لگا کر پڑھیں ، آگے بڑھیں، مستقبل نوجوانوں کا ہے۔ حکمرانوں نے آئی ٹی سیکٹر میں کوئی سرمایہ کاری نہیں کی بلکہ انٹر نیٹ کی رفتار سست کر کے اور رکاوٹیں پیدا کر کے اس کے راستے مسدود کیے جارہے ہیں۔ آئی ٹی سے وابستہ افراد ،فری لانسرز پریشان ہیں۔ایسے حالات بنادئیے گئے ہیں کہ نوجوان ڈگریاں اٹھائے پھرتے ہیں اور ان کے لیے روزگار نہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک ترین گرائونڈ میٹروول  میں جماعت اسلامی ضلع سائٹ غربی والخدمت کے تحت بنوقابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ 4.0کے ہزاروں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب سے سی ای او الخدمت نوید علی بیگ ،جماعت اسلامی کراچی کے ڈپٹی سکریٹری عبد الرزاق خان،امیر جماعت اسلامی ضلع سائٹ غربی ڈاکٹر نور الحق نے بھی خطاب کیاجبکہ نظامت کے فرائض مرزا ثوبان بیگ نے ادا کیے۔

خطاب سے قبل قائدین کے ہمراہ ہزاروں طلبہ و طالبات نے کھڑے ہوکر قومی ترانہ پڑھا۔ ٹیسٹ میں شریک طلبہ طالبات سے ایک گھنٹے کا تحریری ٹیسٹ لیا گیا۔کامیاب ہونے والوں کو ویپ ڈیولپنگ، ویب ڈیزائننگ،ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ایمزون سمیت مختلف آئی ٹی کے کورسز مفت کرائے جائیں گے۔ قائدین کے خطاب کے لیے ایک بڑا اسٹیج تیار کیا گیا تھا جس کے عقب میں ایک بہت بڑا بل بورڈ لگا ہوا تھا جس پر تحریر تھا کہ”اب وقت ہے آگے بڑھنے کا” اسٹیج کے دائیں اور بائیں جانب ایس ایم ڈی لگائی گئیں تھیں جس پر بنوقابل پروجیکٹ کے بارے میں بتایاجارہا تھا۔ منعم ظفر خان نے  ضلع سائٹ غربی کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اس نے مختصر وقت میں ہزاروں طلبہ و طالبات کو فری آئی ٹی کورسز کے لئے جمع کیا۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز قائد اعظم کے ویژن اور علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر ہے جو برصغیر کے مسلمانوں نے لاکھوں قربانیاں دے کر حاصل کیا۔ وطن عزیز قدرتی خزانوں اور وسائل سے مالا مال ہے لیکن امانت و دیانت دار قیادت سے محروم ہے۔ اسی لیے ملک اور قوم تباہ حا ل ہیں ، تعلیم کے پورے سیکٹر کو این جی او کے حوالے کردیا گیا ہے۔ پاکستان کے آئین اور دستور کے مطابق سرکار کی ذمہ داری ہے کہ شہریوں کو مفت اور اعلیٰ معیار کی تعلیم فراہم کرے لیکن افسوس کہ سرکار کے طبقاتی نظام میں عوام کے لیے تعلیم میسر نہیں ہے۔ پاکستان اس وقت 3.2 بلین آئی ٹی میں ایکسپورٹ کررہا ہے۔ پاکستان سے چھوٹے ممالک جن کی آبادی کراچی کے ایک ڈسٹرکٹ کے برابر ہے وہ بھی آئی ٹی کے میدان میں 400 بلین ڈالر کی ایکسپورٹ کررہے ہیں۔

نوید علی بیگ نے کہا کہ  الخدمت کے تحت شہر میں دسواں بڑا بنوقابل پروگرام ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ 4.0کا انعقاد انتہائی خوش آئند ہے۔ دو سال قبل حافظ نعیم الرحمن نے کراچی کے طلبہ و طالبات کے لیے بنوقابل پروگرام شروع کیا۔ حافظ نعیم الرحمن کا ویژن کے مطابق نوجوان طلبہ و طالبات کو مفت آئی ٹی کورسز کروارہے ہیں تاکہ یہ نوجوان با آسانی روزگار کما سکیں، والدین کا سہارا بنیں اور ملک و قوم کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں ۔ آئی ٹی کے شعبے میںبہت مواقع موجود ہیں اور بڑی تبدیلیاں آرہی ہیں اب لاکھوں اور کروڑوں افراد باآسانی اپنا روزگار کما سکتے ہیں۔

ہم نے نوجوان طلبہ و طالبات کے لیے آغاز میں چھوٹے کورسز کا اہتمام کیا تاکہ فوری طور پر روزگار کمایا جاسکے۔ بنوقابل 1.0 میں 5ہزار طلبہ و طالبات کو9آئی ٹی کورسز کروائے گئے اب بنوقابل 4.0 میں 28 کورسز کروائے جائیں گے اورشہر بھر میں 55 مراکز بھی قائم کردئیے گئے ہیں۔ ہم کراچی کے نوجوان طلبہ و طالبات سے فیس کی مد میں ایک روپیہ نہیں لے رہے بلکہ مفت آئی ٹی کورسز کروارہے ہیں۔

ہم نوجوانوں کو پڑھانے کے معاوضے میں صرف ایک چیز مانگتے ہیں اور وہ صرف یہی ہے کہ محنت اور دل لگا کر پڑھیں۔ہم نے صرف بنوقابل کورسز کا انعقاد نہیں کیا بلکہ ان کوبیشن سینٹرز بھی قائم کیے ہیں جو طلبہ و طالبات کورسز مکمل کرنے کے بعد ان کو بیشن میں آنا چاہے اس میں آسکتے ہیں۔ الخدمت نے banoqabilJobportal.comویب بھی بنالی ہے جس میں طلبہ و طالبات کورسز کرنے کے بعد ملازمت کے لیے بھی اپلائی کرسکیں گے۔ ہم نوجوان طلبہ و طالبات کا ہاتھ تھامے رکھیں گے اور انہیں آگے بڑھائیں گے۔

عبد الرزاق خان نے کہا کہ آج میٹروول کے نوجوان طلبہ و طالبات نے عزم کیا ہے کہ پاکستان کو ڈجیٹل پاکستان بنائیں گے۔ ضلع سائٹ غربی کے نوجوان طلبہ و طالبات پر فخر ہے جنہوں نے آئی ٹی کی تعلیم سیکھنے اور آگے بڑھنے کا عزم کیا ہے۔ آنے والا دور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا دور ہے۔ جماعت اسلامی نوجوان طلبہ و طالبات کو اس دور کے چیلنجز کے لیے باصلاحیت بنانا چاہتی ہے۔ ہماری بدنصیبی یہ ہے کہ حکومتی سطح پر تعلیم کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا جاتا ۔ نا اہل اور کرپٹ حکمرانوں نے عوام کو پستی اور پسماندگی کی طرف دھکیل دیا ہے۔ 2 فیصد حکمران عوام کو تعلیم سے محروم رکھنا چاہتا ہے۔

ڈاکٹر نور الحق نے کہا کہ  ہم نے ضلع سائٹ غربی میں آئی ٹی یونیورسٹی بنانے کا عزم کیا ہے۔ حکمرانوں کی نااہلی و تعلیم سے عدم دلچسپی کے باعث روشنیوں کے شہر کراچی کے نوجوانوں کے لیے تعلیم اور روزگار کے مواقع میسر نہیں۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کراچی سمیت پورے پاکستان کے عوام کو تعلیم سے آراستہ کرنے کا عزم کیا ہے، اب تک 50 ہزار طلبہ و طالبات کو فری آئی ٹی کورسز کروائے جا چکے ہیں ، اب حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ پورے ملک کے 10لاکھ طلبہ و طالبات کو فری آئی ٹی کورسز کروائیں گے۔