نئی نسل کو فسادیوں اور انتشاریوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں ہونے دیں گے، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد (صباح نیوز)وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نوجوان ملک دشمن سرگرمیوں سے بخوبی آگاہ ہو چکے ہیں، نوجوان اس ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، انہیں فسادیوں اور انتشاریوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں ہونے دیں گے۔ ہفتہ کے روز اسلام آباد میں اسپورٹس سے متعلق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ماضی میں شعبہ کھیل پر توجہ نہیں دی گئی، پاکستان تحریک انصاف نے نوجوانوں کے لیے کوئی منصوبہ شروع نہیں کیا۔ نوجوانوں کو پر تشدد کارروائیوں کی طرف راغب کرنے کی کوشش کی گئی، اب نوجوان نسل ملک دشمن عناصر کے عزائم سے آگاہ ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نئی نسل کو کسی بھی صورت میں فسادیوں اور انتشاریوں کے ہاتھوں اب یرغمال نہیں ہونے دیں گے۔ یہ ہمارے ملک کا اثاثہ ہے اور اس اثاثے کے تحفظ کے لیے حکومتی اسپورٹس سمیت مختلف سیکٹرز پر کام کر رہی ہے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس جسے پچھلی حکومت نے ختم کر دیا تھا دوبارہ شروع کی جائیں گی۔ دنیا میں اسپورٹس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے لیے کیش ایوارڈ کی رقم بھی بڑھا دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے حکمت عملی بنائی ہے کہ دنیا میں مقابلہ کی سطح پر آنے والے نوجوان ایتھلیٹس کو چنا جائے گا اور حکومت کے خرچے پرانہیں تربیت دی جائے گی تاکہ وہ دنیا بھر میں جا کر مقابلہ کرسکیں اور ملک کا نام روشن کر سکیں۔ رانا ثناء اللہ نے اسپورٹس فیڈریشن کے معاملات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اسپورٹس فیڈریشن کو درست کرنا ناگزیر ہے جس کے لیے نئے قوانین بنائے گئے ہیں۔ہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہے، اسپورٹس فیڈریشن میں انتخابات کا عمل شفاف بنانا چاہتے ہیں اور اس سے متعلق ایتھکس کورٹ بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیڈریشن آزادانہ کام کرے گی، ہم کسی کو ساتھ لے کر نہیں آئے، صرف یہ چاہتے ہیں کہ اسپورٹس فیڈریشن میں الیکشن صاف، شفاف اور بہتراندازمیں ہوں، فیڈریشن سے مافیا کو ختم کرنا چاہتے ہیں، کھیل سے محبت کرنے والے لوگوں کو آگے آنے کا موقع دیں گے۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ فیڈریشن کے لوگوں کو خدشات نہیں ہونے چاہئیں، ان کے اندرونی معاملات میں کوئی مداخلت نہیں کرے گا، وزیراعظم کے وژن کے مطابق ہائی پرفارمنس اکیڈمی مکمل ہو چکی ہے، بائیو مکینک لیب بھی اس اکیڈمی میں شامل ہے۔

ہائی پرفارمنس اکیڈمی میں ٹلینڈڈ کھلاڑیوں کو سہولیات دی جائیں گی۔ انہوں نے نوجوانوں کو خوشخبری سنائی کہ کھلاڑیوں کے لیے مختلف محکموں میں کوٹہ مختص کرائیں گے، تمام شعبوں میں ڈپارٹمنٹل اسپورٹس کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا میں پاکستان کا اسپورٹس کا مقام قابل رشک نہیں ہے جبکہ 25 کروڑ عوام رکھنے والے پاکستان کا دنیا کی کھیلوں میں بہترمقام ہونا چاہیے، ہمیں مزید ایتھلیٹس اور کھلاڑی پیدا کرنا ہوں گے۔