حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان رابطوں کی بحالی خوش آئندہے،کاشف سعید شیخ

 لاڑکانہ(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان رابطے بحال ہونے والے عمل کو خوش آئندقراردیتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت میں سیاسی ڈائلاگ ہی ملک کے تمام مسائل کا حل ہوتے ہیں۔انتقام وانتشارکی سیاست نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے اب حکومتی وزراء کو بھی جلتی پرتیل کی بجائے سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ ملک میں سیاسی عدم استحکام اور جاری تنائو میں کمی سمیت معیشت کی بحالی اورمہنگائی ودہشتگردی کے خاتمے کے لیے بھی تمام سیاسی جماعتوں کو ذاتی مفادات سے بالاترہوکر قومی مفاد کی خاطرمل بیٹھ کراپنا کراداراداکرنا ہوگا،چندعناصرکے غیرجمہوری اقدامات پر فوج اورعوام کے درمیان دوریاںبھی کم کرنے کی ضرورت ہے۔دارس رجسٹریشن بل کی منظوری میں تاخیری حربوں سے حکومتی بدنیتی ظاہر ہورہی ہے۔جماعت اسلامی ملک میں شریعت کے نفاذ اسلامی و خوشحال پاکستان کے لیے اپنی جدوجہدجاری رکھے گی۔حق کے غلبے اوربدی کے خاتمے کے لیے عوام جماعت اسلامی کاساتھ دیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے مرکزاسلامی لاڑکانہ میں مقامی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔امیرضلع ایڈووکیٹ نادرعلی کھوسہ،مقامی امیررمیزراجہ شیخ ودیگرذمیداران بھی ساتھ موجود تھے۔صوبائی امیرنے ذمے داران پرزوردیتے ہوئے کہاکہ وہ رابطہ عوام ممبرسازی مہم کو تیز اورگھرگھرجاکرعوام تک جماعت کی دعوت وپیغام پہنچائیں۔