چیمپئنز ٹرافی: بھارت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے آگے گھٹنے ٹیک دئیے، فیوژن ہائبرڈ ماڈل پر رضامند

دبئی (صباح نیوز)بھارتی میڈیا کا دعوی ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل کی منظوری دے دی۔2026ئ کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاک-بھارت میچ بھارت میں نہیں بلکہ سری لنکا میں منعقد ہوگا۔ بھارتی میڈیا نے کہا ہے کہ ہائی برڈ ماڈل کی منظوری کے لئے آئی سی سی بورڈز کا آفیشل اجلاس ہوا۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پی سی بی اور بی سی سی آئی کے درمیان معاہدے کے بعد چیمپئنز ٹرافی 2025 ء کے لیے ہائبرڈ ماڈل کی منظوری دے دی، جس کے میچز پاکستان اور دبئی میں منعقد کیے جائیں گے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دونوں بورڈز کا 2026 ء کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے اتفاق رائے ہو گیا ہے، جس کے تحت پاکستان، بھارت کے خلاف لیگ مرحلے کے میچز بھارت میں نہیں بلکہ سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلے گا۔ انڈیا ٹو ڈے کے مطابق پی سی بی کو بھارت کے میچوں کی میزبانی کا موقع ضائع کرنے پر کوئی زر تلافی نہیں دیا جائے گا۔چیمپئنز ٹرافی کا آفیشنل شیڈول کا اعلان ایک دو روز میں متوقع ہے ۔ تاہم فیوژن فارمولا کے تحت پاکستان کو 2027 سے 2031 کے درمیان ایک ویمن ٹی ٹوئنٹی ایونٹ کی اضافی میزبانی بھی دی جارہی ہے۔

چیمپئنز ٹرافی کے دس میچز پاکستان جبکہ تین میچ دبئی میں ہونگے، ایک سیمی فائنل اور فائنل بھی دبئی میں ہوگا۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ تینوں پارٹیاں آئی سی سی، بی سی سی آئی اور پی سی بی اس پیش رفت پر خوش ہیں۔ یاد رہے کہ 11 دسمبر کو ڈان نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ پی سی بی نے چیمپینز ٹرافی 2025 میں بھارت کے ساتھ میچز پر ہائبرڈ ماڈل کے مؤقف کو برقرار رکھا تھا، دبئی میں چیمپینز ٹرافی کے حوالے سے مذاکرات کا سلسلہ جاری رہا، پی سی بی کے اعلی عہدے داران مذاکرات میں شریک رہے۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ بھارت 2026 کے ٹی 20 ورلڈکپ پر ہائبرڈ ماڈل پر راضی نہیں، بھارت پاکستان کو اپنے ملک میں کھیلتا دیکھنا چاہتا ہے اس لیے معاہدے پر دستخط کرنے سے کترا رہا تھا، تاہم پاکستان 3 سال تک ہائبرڈ ماڈل برقرار رکھنے کے مطالبے پر قائم رہا تھا۔ دوسری جانب بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی نے دعوی کیا تھا کہ چیمپنئز ٹرافی نہ کھیلنے پر پاکستان کو مالی اور قانونی طور پر بھاری نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کا انعقاد 19 فروری سے 9 مارچ تک شیڈول ہے، جس میں 8 ٹیموں کو 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، ہر گروپ سے سرفہرست 2 ٹیمیں سیمی فائنل میں جائیں گی، اس کے بعد فائنل ہوگا۔